اسلام آباد: ملک کی چار ہائیکورٹس میں مستقل چیف جسٹسز کی تعیناتی کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس جاری ہے، جس کی صدارت چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کر رہے ہیں۔
اجلاس میں اسلام آباد، سندھ، بلوچستان اور پشاور ہائیکورٹس کے مستقل چیف جسٹسز کے عہدوں کے لیے سینئر تین ججز کے ناموں پر مشاورت ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے لیے جسٹس عتیق شاہ کے نام اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے جسٹس سرفراز ڈوگر کے نام کی منظوری دے دی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کے لیے جسٹس جنید غفار، جسٹس ظفر راجپوت اور جسٹس اقبال کلہوڑو کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ کے لیے جسٹس روزی خان بڑیچ، جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس اقبال کاسی کے نام زیر غور ہیں۔
یاد رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے مستقل ارکان کی تعداد 13 ہے، تاہم ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز کے تقرر کے وقت یہ تعداد 16 ہو جاتی ہے۔ تقرری کے لیے کم از کم 9 ارکان کی حمایت ضروری ہوتی ہے۔
کمیشن میں چیف جسٹس پاکستان، سپریم کورٹ کے 4 ججز، اٹارنی جنرل، دو حکومتی اور دو اپوزیشن نمائندگان شامل ہیں۔
پاکستان بار کونسل کی نمائندگی ایڈووکیٹ احسن بھون کر رہے ہیں، جبکہ قومی اسمبلی کی جانب سے روشن خورشید بھروچہ کمیشن اجلاس میں شریک ہیں۔
علاوہ ازیں، ہر صوبے کے لیے صوبائی وزیر قانون، متعلقہ ہائیکورٹ بار کا نمائندہ اور ایک سابق جج بھی اجلاس میں شریک ہوتے ہیں۔
