کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ وہ سیاسی جماعتیں جو خود کچھ کرنے سے قاصر ہیں، محض تنقید تک محدود ہیں۔
جام صادق پل کے دورے کے موقع پر وزیر نے یلو لائن بی آر ٹی کے منصوبے کا معائنہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں پر بریفنگ لی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں یلو لائن بی آر ٹی کا کام تیزی سے جاری ہے، جام صادق برج کی تعمیر مکمل ہونے کے قریب ہے۔ بی آر ٹی سسٹمز اس شہر کی اہم ضرورت ہیں، محکمہ ٹرانسپورٹ کی اولین ترجیح ہے کہ ان منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بی آر ٹی پر الیکٹرک بسیں (ای وی بسز) چلائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی میں تاخیر تھی، لیکن اب اس میں بہتری آ رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کی قیادت ان منصوبوں میں ذاتی دلچسپی رکھتی ہے۔ اگست میں ڈبل ڈیکر بسیں چلانے اور آئندہ ماہ ای وی ٹیکسی سروس شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
شرجیل میمن کے مطابق ماحول دوست گاڑیوں سے نہ صرف شہریوں کو سہولت ملے گی بلکہ ماحولیاتی بہتری بھی آئے گی۔ آئندہ ماہ خواتین کو مفت ای وی پنک موٹر سائیکلیں فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے حیسکو اور کے الیکٹرک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے نکاسی آب کا عمل بھی متاثر ہوا، تاہم انتظامیہ نے جنریٹرز کے ذریعے بیشتر علاقوں سے پانی نکال دیا ہے، باقی مقامات پر بھی آج نکاسی مکمل کر دی جائے گی۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ کراچی میں تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، گزشتہ بارش کے دوران شہر میں پانی کھڑا نہیں ہوا، اگر کے الیکٹرک بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے تو نکاسی آب کا عمل مزید بہتر ہو سکتا ہے۔
