آج کی تاریخ

جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت، ضمنی انتخاب کا شیڈول معطل

لاہور:لاہور ہائیکورٹ میں جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے این اے 175 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کا شیڈول معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن، اٹارنی جنرل اور دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ نے وکالت نامہ کب سائن کیا؟ سچ سچ بتائیں، کہانی دلچسپ لگ رہی ہے۔ اس پر جمشید دستی کے وکیل نے جواب دیا کہ انہوں نے وکالت نامے پر تاخیر سے دستخط کیے تھے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے درخواست سمیت الیکشن کمیشن کا فیصلہ تفصیل سے پڑھ لیا ہے۔ جمشید دستی کے وکیل اشتیاق چوہدری نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کسی امیدوار کو عدالتی ڈکلیریشن کے بغیر نااہل قرار نہیں دے سکتا، لیکن موجودہ کیس میں ایسا ہی کیا گیا۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے عزت دی ہے، لیکن سب سے بڑا جرم یہ ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن نے ان کے ساتھ زیادتی کی اور بغیر سنے فیصلہ سنایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالتوں سے انصاف کی پوری امید ہے، آج بھی ہمیں عدالت سے انصاف ملا ہے۔ میں پانچ بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوا ہوں، میرے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا، نہ مجھے سنا گیا نہ ہی بلایا گیا، سپیکر کو چاہیے تھا کہ وہ مجھے سن کر فیصلہ کرتے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں