آج کی تاریخ

جماعت اسلامی کا مطالبہ: پاکستان ایران کے دفاع میں کردار ادا کرے

لاہور میں جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس امیر جماعت حافظ نعیم الرحمٰن کی سربراہی میں جاری ہے، جس میں ملک بھر سے شوریٰ کے اراکین شریک ہیں۔ اجلاس میں ایران پر اسرائیل کے غیر قانونی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی۔
قرارداد میں اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ باہمی اتحاد کا مظاہرہ کریں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائیں تاکہ اسرائیل کے تسلط کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ قرارداد میں اسرائیل کو ایک ناجائز ریاست قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس کی توسیع پسندانہ پالیسیاں پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔
جماعت اسلامی نے ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ایران کی سلامتی اور دفاع میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اسلامی دنیا اپنے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اسرائیل کے خلاف ایک مضبوط اور متحدہ محاذ بنائے، کیونکہ اسرائیلی جارحیت کا واحد جواب اتحاد ہی ہے۔ واضح رہے کہ نومنتخب مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس تین روز تک جاری رہے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں