ملتان(کرائم رپورٹر) جلالپور پیر والہ میں سیلاب زدگان کو ریسکیو کرنیوالی کشتی الٹ گئی،چار بچے اور ایک خاتون جانبحق،چار افراد کی نعشیں نکال لی گئیں،تین ماہ کے چکے کی لاش اور دیگر لاپتہ افراد کی تاحال تلاش جاری ہے۔معلوم ہوا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کو ریسکیو کی کشتی جلالپور پیر والہ کے نواحی علاقہ وچھہ سندیلہ میں سیلاب سے متاثرہ 25 افراد کو جس میں مرد و خواتین،بزرگ اور بچے شامل تھے کو کشتی کے ذریعے ریسکیو کررہے تھے کہ اچانک کشتی سیلابی پانی میں الٹ گئی جسکے نتیجہ میں کشتی میں سوار ایک خاتون سمیت چار بچے جن میں چار سالہ فاطمہ،تین ماہ کا ریحان،پانچ سالہ مسکان، تین سالہ ماہنور اور 65 سالہ بخت مائی شامل ہیں ڈوب کے جانبحق ہوگئے جن میں سے تین ماہ کے بچے کے علاؤہ تمام لاشوں کو نکال لیا گیا جبکہ تین ماہ کے بچے ریحان کی لاش اور دیگر لاپتہ افراد کو تاحال ٹریس کیا جارہا ہے جبکہ ریسکیو ٹیموں نے کشتی میں سوار بقیہ تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر،ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور ایس پی صدر ڈاکٹر خدیجہ عمر موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے اپنی نگرانی میں ریسکیو آپریشن کروایا۔ذرائع نے بتایا کہ کشتی کو حادثہ اندھیرے اور دشوار گزار سیلابی راستہ کی وجہ سے پیش آیا تاہم واقعہ کی انکوائری کی جارہی ہے۔
