فیس بک نے سال 2025 کے پہلے چھ ماہ کے دوران ایک بڑی صفائی مہم میں 1 کروڑ سے زائد جعلی اکاؤنٹس کو ختم کر دیا ہے۔ ان جعلی پروفائلز میں زیادہ تر ایسے اکاؤنٹس شامل تھے جو مشہور شخصیات یا معروف مواد تخلیق کاروں کی نقالی کر رہے تھے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد نہ صرف اصل تخلیق کاروں کی شناخت کو تحفظ دینا تھا بلکہ ان کے ڈیجیٹل اثر و رسوخ کو بحال کرنا بھی تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ، اسپیم یا مشکوک سرگرمیوں میں ملوث مزید 5 لاکھ اکاؤنٹس کو معطل یا محدود کر دیا گیا ہے۔
میٹا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ مہم ان “حقیقی” صارفین کے مواد کو فروغ دینے کے لیے کی جا رہی ہے جو اصلی اور منفرد کانٹینٹ تخلیق کرتے ہیں۔ جعلی یا کاپی شدہ پوسٹس کی شناخت کے لیے جدید اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، جس کی بدولت جعلی کانٹینٹ ہٹایا اور اصل تخلیق کاروں کا مواد بحال کیا گیا۔
میٹا نے واضح کیا ہے کہ جو صارفین مسلسل کاپی شدہ مواد پوسٹ کرتے ہیں، ان کی آمدنی (مونیٹائزیشن) بھی روک دی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ مہم مستقبل میں بھی مزید سختی کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ سوشل میڈیا کو محفوظ، شفاف اور اصلی تخلیق کاروں کے لیے بہتر بنایا جا سکے۔
