جعلی رجسٹریوں سے کروڑوں نقصان، اینٹی کرپشن کی کارروائی، 7ملزم گرفتار

ملتان،اڈہ لاڑ، ٹاٹے پور (کرائم رپورٹر،وقائع نگار، نمائندہ قوم، نامہ نگار)جعلی رجسٹریوں کے ذریعے کروڑوں روپے کے سرکاری نقصان کا بڑا سکینڈل بے نقاب، 7 ملزمان گرفتار ملتان میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے جعلی رجسٹریوں کے ذریعے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے والے بڑے سکینڈل میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان اینٹی کرپشن ملتان کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان بشارت نبی کی نگرانی میں ظہیر احمد اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن ملتان اور سرکل آفیسر علی حسن گیلانی نے رجسٹری برانچ کے ایک اہم اور مشہور کیس میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔ مقدمہ FIR نمبر 1617/25 کے تحت وثیقہ نویس طارق بلوچ، وارث بلوچ، محسن بلوچ، معیز ،یاسر، جلال اور آصف قریشی کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی رجسٹری برانچ میں ہونے والی کرپشن کے خلاف کی گئی، جہاں ملزمان جعلی اور بوگس رجسٹریوں کے ذریعے قیمتی جائیدادوں کی رجسٹری فیس غیر قانونی طور پر کم کر کے حکومت کو بھاری مالی نقصان پہنچا رہے تھے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان منظم طریقے سے جعلی دستاویزات تیار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادوں کی رجسٹریشن میں خورد برد کرتے رہے۔اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے، جس دوران مزید اہم انکشافات متوقع ہیں جبکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی گرفتاری کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ترجمان اینٹی کرپشن ملتان کے مطابق کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور سرکاری وسائل کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں