اسلام آباد: قومی اسمبلی اور سینیٹ میں 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد جسٹس امین الدین خان نے پہلی مرتبہ وفاقی آئینی عدالت کے سربراہ کے طور پر حلف اٹھا لیا۔
ایوانِ صدر میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس امین الدین خان سے حلف لیا۔ اس موقع پر ملک کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت بھی موجود تھی۔
تقریب میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، وزیراعظم شہباز شریف اور چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی شریک ہوئے۔
حلف برداری سے پہلے چیف جسٹس پاکستان، جسٹس امین الدین خان، وزیراعظم اور صدر مملکت ایک ساتھ ہال میں پہنچے، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس بھی ایک ساتھ ہال میں داخل ہوئے۔
وفاقی آئینی عدالت کے 6 ججز کی حلف برداری کے لیے بھی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز بلاک اور ایڈمن بلاک کے درمیان اوپن ایریا میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
آئینی عدالت کے چھوں ججز بھی آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں حلف اٹھائیں گے، اور نئے سربراہ جسٹس امین الدین خان ججز سے ان کے عہدوں کا حلف لیں گے۔
حلف برداری کی اس تقریب کا ممکنہ وقت صبح 11 بجے رکھا گیا ہے۔








