جتوئی (تحصیل رپورٹر،نامہ نگار ،کرائم رپورٹر) جتوئی میں المناک حادثے نے فضا کو سوگوار کر دیا۔ نجی سکول کے بچوں کو لانے والے دو رکشوں میں تیز رفتاری اور آپس کی مقابلہ بازی کے باعث خوفناک تصادم ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں رکشے موضع شہبازپور بستی ببراں کے بچوں سے بھرے ہوئے تھے اور جتوئی شہر میں ایک نجی سکول میں پہنچانے کیلئے آرہے تھے۔ آپس میں مقابلہ بازی میں تیز رفتاری کے باعث بستی جوئیہ شہر سلطان روڈ پر ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں بے قابو ہوکر آپس میں ٹکرا گئے۔دونوں رکشوں پر بیس کے قریب بچے سوار تھے۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ نو سالہ معصوم بچی انشرح راشد موقع پر جاں بحق ہوگئی۔جو کہ ملک محمد راشد اسلم کھوکھر ایڈووکیٹ کی اکلوتی بیٹی تھی۔ جبکہ تقریباً پندرہ بچے زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جتوئی منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق کچھ بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حادثے کی اطلاع پر پولیس تھانہ جتوئی موقع پر پہنچ گئی اور غفلت، لاپروائی اور تیز رفتاری کے مرتکب دونوں رکشہ ڈرائیوروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی۔ والدین اور علاقہ مکینوں نے واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ سکولوں میں بچوں کی ٹرانسپورٹ کے لیے سخت قواعد و ضوابط نافذ کیے جائیں تاکہ ایسے المناک واقعات دوبارہ جنم نہ لیں۔مزید تحقیقات پولیس نے شروع کر دی ہیں۔دریں اثناکمسن انشرح راشدکی نمازجنازہ اداکردی گئی۔اس موقع پرہرآنکھ اشکبارتھی۔رقت آمیزمناظردیکھنےمیں آئے۔







