جام پور (تحصیل رپورٹر) حاجی پور کی ترکش کالونی میں چار بچوں کی ماں شوہر کے ہاتھوں کارو کاری کے الزام میں گولیوں سے بھون ڈالی گئی۔ مقدمہ درج کر لیا گیا تفصیل کے مطابق حاجی پور کی نواحی بستی ترکش کالونی میں دن دہاڑے چار بچوں کی ماں کو شک کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔ذرائع کے مطابق فرزانہ بی بی زوجہ محمد اشرف نے 19 فروری کو تھانہ سٹی فاضل پور میں درخواست دی کہ انہیں محمد اسلم محمد اکرم نے اسلحہ کی نوک پر بچوں سمیت تشدد کا نشانہ بناڈالا اور نقدی رقم زیورات موٹر سائیکل کے کاغذات بھی ساتھ لے گئے۔ قبل ازیں ون فائیو پر کال بھی کی گئی مگر سٹی پولیس فاضل پور نے کوئی کارروائی نہ کی اسی طرح مقتولہ نے ڈی پی او راجن پور کو بھی کارروائی کے لئے درخواست دی مگر انہیں تحفظ نہ دیا گیا۔ گزشتہ سے پیوستہ روز مبینہ طور پر فرزانہ کے شوہر اشرف نے انکے گھر دھاوا بول دیا ۔اندھا دھند فائرنگ کرکے اشرف نے اپنی بیوی فرزانہ کو بھون ڈالا۔ فرزانہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے واسطے دیتی رہی مگر ظالم شوہر نے انکی ایک نہ سنی ۔ذرائع کے مطابق مقتولہ کئی گھنٹے تڑپتی رہی مگر ظالم شوہر اشرف کے سر پر غیرت کا بھوت سوار تھا ۔درندے نے ایک حوا کی بیٹی کو قتل کردیا اور ڈیل کے تحت مقتولہ کے بھائی کو مدعی بنادیا گیا ۔ سٹی پولیس نے اشرف اور اسلم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ادھر انسانی حقوق کی تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا کہ مقتولہ کے قتل کی مدعی خود سرکار بنے تاکہ مدعی بیان دے کر ملزم کے ساتھ کوئی نرمی نہ کرے ۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پنجاب پولیس ،آر پی او ڈیرہ غازی خان، ڈی پی او راجن پور سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔







