آج کی تاریخ

جامعہ زکریہ سلیکشن بورڈ: فیکلٹی ممبران میرٹ خلاف ورزی پر پھٹ پڑے، اعتراضات جمع

ملتان (وقائع نگار)جامعہ زکریا سلیکشن بورڈ کی کارروائی پر فیکلٹی ممبران کا شدید احتجاج، میرٹ و پالیسی کی خلاف ورزیوں کا الزام،تفصیل کے مطابق جامعہ زکریا میں 12 جولائی 2025 کو ہونے والے سلیکشن بورڈ کی کارروائی پر مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے فیکلٹی ممبران نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئےوائس چانسلر وچیئرمین سلیکشن بورڈ کو تحریری طور پر اپنے اعتراضات جمع کروا دیے ہیں۔فیکلٹی ممبران نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سلیکشن بورڈ کی حالیہ کارروائی میں قومی سلیکشن،پروموشن پالیسی اوریونیورسٹی سنڈیکیٹ کے منظور کردہ اصول و ضوابط اور شفافیت کے تقاضوں کو نظرانداز کیا گیا۔ ان کے مطابق متعدد ایسے اساتذہ جنہوں نے تمام ضروریات پوری کر رکھی تھیں کو بورڈ کے سامنے پیش ہونے کا موقع دیا گیا اور نہ ہی ان کی مکمل سماعت کی گئی، بعض امیدواروں کو 4 سے 5 گھنٹے طویل انتظار کے بعد یہ بتا کر واپس بھیج دیا گیا کہ ان کے کیسز “مؤخر” کر دیے گئے ہیں، جبکہ اس فیصلے کی کوئی معقول وجہ یا وضاحت پیش نہیں کی گئی۔ کئی اہل امیدواروں کو محض جاری تحقیقی منصوبوں پر سوالات کا سامنا کرنا پڑا، حالانکہ پالیسی کے مطابق ترقی کی بنیاد صرف اُن کامیابیوں پر ہونی چاہیے جو ڈوزیئر جمع کرانے سے قبل حاصل کی گئی ہوں،دوخواست میں مزید کہا گیا کہ ترقی کے لیے ریسرچ پروجیکٹ رکھنا یا جاری منصوبوں میں شمولیت ضروری نہیں ہے، مگر سلیکشن بورڈ نے غیر ضروری طور پر اس پہلو کو بنیاد بنا کر کئی درخواستیں مسترد یا مؤخر کر دیں، اس عمل سے اہل اساتذہ کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے اور یونیورسٹی کا تعلیمی ماحول متاثر ہوا ہے۔فیکلٹی ممبران نے یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں، انصاف کو یقینی بنایا جائے اور مستقبل میں سلیکشن بورڈز کو قومی پالیسی اور سنڈیکیٹ کے طے شدہ اصولوں کے مطابق شفاف طریقے سے منعقد کیا جائے تاکہ تمام اہل اساتذہ کو ترقی کا برابر اور منصفانہ موقع مل سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں