پراجیکٹ ڈائریکٹرز عمران احمد شیخ، اصغر بوہنہ اور یونیورسٹی انجینئر ملک سعود منیر کی ٹائوٹ میٹریل چیکر الماس طارق کے ذریعے لوٹ مار
آڈٹ پیرا ہونے کے باوجود ملی بھگت سے سکیورٹی کلیئر،آفیشل پیپر پر جعلی دستخط ، ٹائوٹ بل کلیئر کرالیتا ہے،افسران کے بوگس ٹی اے ڈی اے
سکیورٹی کی مد میں تینوں افسران نے رشوت کا ریٹ فکس کررکھا ،سیریس معاملہ ہے ‘ ،تحقیقات کرائی جائیں گی:یونیورسٹی حکام
ملتان ( سٹاف رپورٹر)اندھیر نگری چوپٹ راج ، زکریا یونیورسٹی پراجیکٹ و مینٹی ننس ونگ میں 3 انجینئرز کے ٹولے نے کرپشن کی گنگا بہا دی۔ ٹائوٹ کے ذریعے رشوت وصولی جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بہاالدین زکریا یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر ونگ اور مینٹی ننس ونگ میں پراجیکٹ ڈائریکٹرز انجینئر عمران احمد شیخ، انجینئر اصغر بوہنہ اور یونیورسٹی انجینئر ملک سعود منیر نے ٹائوٹ میٹریل چیکر الماس طارق کے ذریعے لوٹ مار کی انتہاکردی ہے۔10سال سے پی ڈی ونگ میں تعینات ‘یہ ٹائوٹ آڈٹ پیرا ہونے کے باوجود افسران کی ملی بھگت سے سکیورٹی کلیئر کراتا ہے۔آفیشل پیپر پر جعلی دستخط کرکے اکائونٹ آفس سے بل کلیئر کرالیتا ہے۔افسران کے بوگس ٹی اے ڈی اے بنواتا ہے۔میٹریل چیکر کے فرضی ناموں سے بل بنوا لیتا ہے اور ان سے افسروں کو بھی نوازتا ہےجس پراجیکٹ کی سکیورٹی کا ٹائم پورا ہونے والا ہوتا ہے۔ ا س کا ریکارڈ چھپا کر بلیک میل کرکے بھاری رقم وصول کرتا ہے۔اس لوٹ مار کی سرپرستی تینو ں افسران پراجیکٹ ڈائریکٹرز انجینئر عمران احمد شیخ، انجینئر اصغر بوہنہ اور یونیورسٹی انجینئر ملک سعود منیر کررہے ہیں۔محکمہ کے تمام افسران ٹائوٹ الماس طارق کے ذریعے سے ہی جاری کمیشن وصول کررہے ہیں۔ ‘ٹائوٹ16ہزار روپے ماہانہ پر عارضی بھرتی ہوا تھااسی کو فرنٹ مین بنا کر کرپشن کا کھیل کھیلا جاتا ہے۔سکیورٹی کی مد میں تینوں افسران نے رشوت کا ریٹ فکس کررکھا ہے۔اگر کوئی ان کی ڈیمانڈ پور ی نہ کرے تو فرضی کمپیوٹر پر آڈٹ پیرا بنا دیا جاتا ہے کہ آپ کے پراجیکٹ پر آڈٹ پیرا ہے ‘ اس لئے سکیورٹی نہیں ہوسکتی ‘۔اس طرح بلیک میل کرکے رشوت دینے پر مجبور کردیاجاتا ہے۔متاثرین نے یونیورسٹی انتظامیہ سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس بارے میں رابطہ کرنے پر یونیورسٹی حکام نے موقف میں کہا کہ یہ سیریس معاملہ ہے، ‘ تحقیقات کرائی جائیں گی اور ذمہ داران کیخلاف کارروائی ہوگی ۔







