جامعہ زکریا بھی پیچھے نہ رہی،ایل ایل بی کے طلبہ کو جعلی ڈگریاں جاری کرنے کا انکشاف

ملتان ( جاوید اقبال عنبر سے ) بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں طلبہ کو لا کی جعلی ڈگریاں جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، فاصلاتی نظام کے تحت حاصل کی گئی دو طلبا کی جعلی ڈگریوں کو منسوخ کرنے کیلئے انکوائری کمیٹی بنا کر تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی 7 فروری کو ہونے والی سنڈیکیٹ میٹنگ میںایل ایل بی کے دو طلبا کی ڈگریاں جعلی ہونے کا انکشاف ہوا اور اس معاملے پر سنڈیکیٹ میٹنگ میں بحث ومباحثہ سامنے آیا ہے، معلوم ہوا ہے کہ سنڈیکیٹ میٹنگ کے آئٹم نمبر 56 میں دو طلبا فرخ شہزاد اور سیدہ عابدہ کی سیشن 2011 اور 2014 کی ڈگریاں جعلی ہونے کا ایجنڈا رکھا گیا تھا ا س حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی شکایت ایک قانون دان عمران اصغر ایڈووکیٹ نے یونیورسٹی انتظامیہ کو کی تھی اور بتایا کہ فرخ شہزاد اور سیدہ عابدہ کی قانون کی ڈگریاں جعلی ہیں اور یہ ڈگریاں انہوں نے زکریا یونیورسٹی ملتان کے فاصلاتی نظام کے تحت سیشن 2011,14 کے دوران حاصل کیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ شکایت پر کنٹرولر آفس نے یہ معاملہ ڈائریکٹر فاصلاتی نظام کو بھیجا تو وہاں سے انکشاف ہوا ہے کہ لا کی دونوں ڈگریاں اور ان پر موجود دستخط جعلی ہیں ۔ سنڈیکیٹ نے اس معاملے پر وائس چانسلر کو کمیٹی بنانے کی اجازت دی اور کہا گیا ہے کہ کمیٹی کی تحقیقات کے بعد یہ معاملہ آئندہ سنڈیکیٹ میٹنگ میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد دونوں ڈگریاں منسوخ کرنے کی کارروائی کی جائے گی ۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کمیٹی ڈگری ہولڈر دونوں طلباء کا مؤقف بھی سنے گی اور اس کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں