ملتان(ایڈیٹر رپورٹنگ) بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں سپورٹس سیٹوں پر سیاسی اور سفارشی طلبا کو داخلہ دینے کا انکشاف ہوا ہے ، ہائیکورٹ نے انتظامیہ سے جواب طلب کرلیا ۔تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی میں سپورٹس سیٹوں پر داخلے میں سفارشی اور سیاسی اثر رسوخ رکھنے والے امیدواروں کو داخلے دینے کا انکشاف ہوا جس پر متاثرین نے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ۔عدالت عالیہ ملتان بینچ میں محمد حمزہ ، محمد حذیفہ اور دیگر نے یونیورسٹی انتظامیہ اور دو طالب علموں بلال احمداور محمد نعمان الٰہی کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے انہوں نے سپورٹس سیٹوں پر ایل ایل بی میں داخلہ لینے کے فارم جمع کرائے۔ یونیورسٹی نے جو مقررہ طریقہ کار اوراہلیت مقرر کی اس پر پورا اترتے تھے۔ وہ ایک پروفیشنل کرکٹ کے کھلاڑی ہیں جو انٹر بورڈ ٹورنامنٹ اور پی سی بی کے ٹورنامنٹ کھیل چکے ہیں ۔یونیورسٹی کی طرف سے منعقد ہ ٹرائلز میں کھلاڑیوں نے بھرپور پرفارم کیا مگر سپورٹس کمیٹی نے ان کی سلیکشن کو مسترد کردیا اور نان پروفیشل کھلاڑی بلال احمداور محمد نعمان الٰہی جن کا کھیل سے تعلق بھی نہیں تھا کو ایل ایل بی 5سالہ پروگرام میں داخلہ دے دیاجو یونیورسٹی کے خصوصی کھیلوں کی داخلہ پالیسی کے خلاف ہے۔ عدالت عالیہ نے زکریایونیورسٹی حکام سے فوری جواب طلب کرلیا ۔واضح رہے اس سے قبل بھی زکریا یونیورسٹی میں سپورٹس سٹیوں پر داخلے پر خلاف میرٹ بھرتیوں کی بازگشت سنائی دی گئی تھی یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 16کھلاڑیوں کوصرف بیڈ منٹن کی ٹیم میں سلیکٹ کرکے داخلہ دیا گیا جو کھیلنا بھی نہیں جانتے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کھلاڑیوں کی فہرست ایک سیاسی گھر سے آئی تھی جو وائس چانسلر نے پوری کی پوری ایک ہی گیم میں سلیکٹ کرادی اور ان کھلاڑیوں کی فہرست یونیورسٹی ویب سائٹ پربھی جاری کردی گئی تھی۔
