اسلام آباد: توشہ خانہ ٹو کیس میں اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق وزیرِاعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید کی سزا سنا دی۔ اسپیشل جج سینٹرل ارجمند شاہ نے اڈیالہ جیل میں دونوں ملزمان کی موجودگی میں فیصلہ سنایا۔ تحریری فیصلے کے مطابق استغاثہ نے اپنا مقدمہ ثابت کر دیا اور عدالت نے دونوں کو جرم کا مرتکب قرار دیا۔
عمران خان کو دفعہ 409 کے تحت 10 سال اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت 7 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ بشریٰ بی بی کو بھی 17 سال قید کی سزا دی گئی۔ ہر ملزم پر 1 کروڑ 64 لاکھ 25 ہزار 650 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جو ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 6، 6 ماہ اضافی قید ہوگی۔ عمر اور جنس کے پیش نظر عدالت نے سزا کم سے کم رکھی اور ملزمان کی حوالات میں گزارے گئے دن بھی سزا میں شامل کیے۔
واضح رہے کہ 13 جولائی 2024 کو نیب نے دونوں کو اڈیالہ جیل میں گرفتار کیا تھا اور 37 دن بعد 20 اگست کو ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیا۔ تفتیش میں یہ ثابت ہوا کہ سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران موصول ہونے والا Bvlgari جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا گیا، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو 32.851 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔
فیصلے کے بعد ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے دونوں کو تحویل میں لے کر اڈیالہ جیل منتقل کیا۔ ایف آئی اے نے اس مقدمہ کی کامیاب تفتیش اور بلاامتیاز کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا اور تفتیشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔







