اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی کے شعبے میں اہم اصلاحات اور کامیاب اقدامات پر وفاقی وزیر اویس لغاری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 6 آئی پی پیز (نجی بجلی پیدا کرنے والے ادارے) کے ساتھ معاہدے مکمل طور پر ختم کیے گئے، جبکہ توانائی اصلاحات کے ذریعے قوم کو 3000 ارب روپے سے زائد کا فائدہ پہنچا ہے۔
شہباز شریف نے انکشاف کیا کہ اویس لغاری نے 780 ارب روپے کے گردشی قرضے کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ 35 آئی پی پیز کے پرانے معاہدے ختم کرکے نئے اور بہتر معاہدے کیے گئے، جن سے بجلی کی قیمت میں خاطر خواہ کمی آئی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ 8 روپے 35 پیسے فی یونٹ کمی کے باعث عوام کو بجلی بلوں میں تاریخی ریلیف حاصل ہوا۔
انہوں نے اویس لغاری کو ایک خصوصی تعریفی خط بھی لکھا اور امید ظاہر کی کہ ان کی ٹیم اسی جذبے سے کام جاری رکھے گی، تاکہ توانائی کے شعبے میں مزید بہتری اور معیشت میں استحکام آئے۔
