آج کی تاریخ

تعلیمی ترقی کے منصوبے، سکولوں، جامعات، لیپ ٹاپ اور وظائف کیلئے رقوم مختص

ملتان ( قوم نیوز) پنجاب حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں تعلیم کے فروغ اور طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی خطیر رقم مختص کی ۔ اس رقم کا مقصد سرکاری تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، طلبہ کی رہنمائی اور سہولت کاری کے نظام کو بہتر بنانا، اور باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پہلی بار ایک جامع تعلیمی منصوبہ بندی کے تحت مدیریتی کونسلوں کے ذریعے سرکاری سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر، کمپیوٹر کے کمرے، اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 40 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔علاوہ ازیں سرکاری سکولوں کو نجی شعبے کے تعاون سے بہتر انداز میں چلانے کیلئے دو بڑی تنظیموں کے ذریعے 39 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ معیار تعلیم کو بہتر بنایا جا سکے اور دور دراز علاقوں کے بچوں کو بھی معیاری تعلیم میسر آ سکے۔اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو بھی بجٹ میں نظر انداز نہیں کیا گیا۔ سرکاری جامعات کو مالی طور پر مضبوط بنانے اور تحقیق و تدریس کے نظام کو فروغ دینے کیلئے 25 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نوجوانوں کو علمی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے لیپ ٹاپ فراہمی کی اسکیم کیلئے 15 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت ہونہار طلبہ میں جدید تعلیمی آلات تقسیم کیے جائیں گے۔اسی طرح باصلاحیت اور مستحق طلبہ کیلئے ایک باقاعدہ وظیفہ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، جس پر بھی 15 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس پروگرام کا مقصد ذہین مگر کم وسائل رکھنے والے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے۔ماہرین تعلیم نے بجٹ میں تعلیمی ترجیحات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ اقدامات صوبے میں تعلیمی معیار کی بہتری میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں