اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات استنبول میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 51ویں اجلاس کے دوران ہوئی، جس میں پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر گفتگو ہوئی۔ نائب وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صدر اردوان کو نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ ملاقات میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی گئی اور ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق اس کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں ممالک نے کشیدہ صورتحال میں سفارتی کوششوں کو جاری رکھنے اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
مزید برآں، فریقین نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کو فوری روکنے اور محصور فلسطینیوں تک بلا تعطل امداد پہنچانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔ نائب وزیراعظم نے صدر اردوان کو اجلاس کے کامیاب انعقاد اور OIC یوتھ فورم کی جانب سے قیادت کے اعتراف میں ملنے والے ایوارڈ پر مبارکباد پیش کی۔
