آج کی تاریخ

ترکیہ میں دہشتگردوں کا خوفناک حملہ ، ہلاکتوں کا خدشہ

ترکیہ میں دہشتگردوں کا خوفناک حملہ ، ہلاکتوں کا خدشہ

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں دہشت گردوں کے خوفناک حملے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے ہیں۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ترک ایرو اسپیس اینڈ ڈیفنس کمپنی ٹی یو ایس اےایس پر حملہ کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں نے عمارت کے مرکزی دروازے پر دھماکا کیا اور پھر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

ترک خبرایجنسی انادولو کے مطابق اعلیٰ حکام نے کہا کہ انقرہ میں قائم ترکش ایرواسپیس انڈسٹریز پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا ہے۔وزیرداخلہ علی یارلیکایا نے ایکس پر کہا کہ دہشت گردی کے حملے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے کارروائی کر رہی ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ تازہ خبروں کے لیے حکومت سے جاری ہونے والے بیانات پر انحصار کریں۔ حکام نے ایکس پر زور دیا کہ عوام سرکاری ذرائع سے آنے والے خبریں دیکھیں اور بے بنیاد الزامات سے گریز کریں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ انقرہ کے ضلع کاہرامانکازان میں قائم ترکش ایرواسپیس انڈسٹریز میں دھماکا اور فائرنگ کی آواز سنی گئی اور بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز، فائر فائٹرز اور پیرامیڈکس کو جائے وقوع کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔مزید بتایا گیا کہ دفاعی کمپنی کے عہدیداروں کو سیکیورٹی خدشات پر محفوظ جگہ منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ترک وزارت داخلہ کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے دھماکا پھر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔مقامی میڈیا کے ذریعے نشر ہونے والی فوٹیج میں ابتدائی طور پر انقرہ کے شمال میں تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ایک چھوٹے سے قصبے کہرامانکازان کے مقام پر دھوئیں کے بڑے بادل اور ایک بڑی آگ کو دیکھا گیا ہے۔ میڈیا نے جائے وقوعہ پر ایک زوردار دھماکے کی اطلاع دی ہے اور وہاں فائرنگ کے تبادلے کی فوٹیج بھی دکھائی ہے۔حملے کے بارے میں فوری طور پر کوئی دعویٰ نہیں کیا گیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں