ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل، مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اکتوبر تک فعال کرنے کا حکم

ملتان( وقائع نگار) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاںنے نادرآباد کے زیر تعمیر فلائی اوور اور ملحقہ سڑک کا دورہ کیا اور جاری
ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایکسین ہائی ویز حیدر علی نے منصوبے پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ سڑک کے دونوں اطراف ڈرین کی تعمیر جون 2026 کے آخر تک ہر صورت مکمل کی جائے تاکہ نکاسی آب کا نظام بہتر ہو اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ایکسن ہائی ویز حیدر علی نے بریفنگ میں بتایا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت 5 ارب 30 کروڑ روپے ہے، جس میں سے تقریباً 4 ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ قبل ازیںکمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے زیر تعمیر 200 بیڈ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ مکمل فنڈنگ کی بروقت فراہمی سے 200 بیڈ پر مشتمل یہ ہسپتال اکتوبر 2026 تک فعال کیا جا سکتا ہے۔علاوہ ازیں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ملتان ایونیو کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایکسین حیدر علی، ایس ڈی او فاطمہ اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔کمشنر کو منصوبے پر اب تک کی پیش رفت اور آئندہ اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے تعمیراتی مراحل اور ٹائم لائن سے متعلق آگاہ کیا۔ایس ای ہائی ویز غلام نبی نے بتایا کہ ایک ہفتے کے اندر روڈ کی کارپٹنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا تاکہ منصوبے کی رفتار مزید تیز کی جا سکے۔عامر کریم نے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ ٹائم لائن کے مطابق ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور تعمیراتی میٹریل کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں