احتجاج یا خوف؟

تحریک انصاف کا 8 فروری کو انتشار اور ٹکراؤ سے گریز کا اعلان، جلسہ صرف صوابی میں ہوگا

اسلام آباد: تحریک انصاف نے 8 فروری کے عام انتخابات کو ایک سال مکمل ہونے پر احتجاجی سرگرمیوں کے دوران انتشار اور ٹکراؤ سے گریز کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پارٹی نے 8 فروری کو صرف صوابی میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کا کسی بھی قسم کے انتشار یا تصادم کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

اس دوران مولانا فضل الرحمان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ مولانا فضل الرحمان عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے، تاہم تحریک انصاف اپنے اصولوں پر قائم ہے اور آئین و عدلیہ کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو لوگ تحریک انصاف کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں، وہ خوش آمدید ہیں، لیکن اگر کوئی ساتھ نہ بھی دے تو پارٹی اپنی جدوجہد اکیلے بھی جاری رکھے گی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 8 فروری کو مینار پاکستان میں ایک بڑے جلسے کے انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ سے اجازت طلب کی تھی، تاہم ڈپٹی کمشنر لاہور نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔

ذرائع کے مطابق 8 فروری کو لاہور میں متعدد اہم سرگرمیاں جاری ہوں گی، جن میں کرکٹ میچ، انٹرنیشنل اسپیکر کانفرنس اور ہارس اینڈ کیٹل شو شامل ہیں۔ ان تمام تقریبات کے باعث شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں