تاجکستان کے وزیر دفاع کا راولپنڈی جی ایچ کیو کا دورہ، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

دورہ پاکستان پر موجود تاجکستان کے وزیر دفاع کرنل جنرل صابر زادہ امام علی عبدالرحیم نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تفصیلی ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پر بات چیت ہوئی۔
دونوں ممالک نے موجودہ ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا، خاص طور پر تربیت، انسداد دہشت گردی اور علاقائی سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
تاجک وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں ان کے کردار کا اعتراف کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، تاجکستان کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں