ملتان (سٹاف رپورٹر) بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے دفترِ خزانچی نے پارٹ ٹائم تدریسی عملے کی ادائیگیوں کے طریقہ کار کو مزید منظم بنانے کے لیے اہم سرکلر جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ مراسلے کے مطابق مارننگ اور ایوننگ پروگرامز میں خدمات انجام دینے والے پارٹ ٹائم اساتذہ کی رقوم کی ادائیگی کے بلوں کے ساتھ اب لازمی طور پر LMS حاضری رپورٹ منسلک کرنا ہوگی۔ خزانچی آفس کی جانب سے جاری سرکلر نمبر 63Ales (مورخہ 23 جنوری 2026) میں کہا گیا ہے کہ دفتر کو پارٹ ٹائم ٹیچنگ ریمیونریشن سے متعلق مختلف بل موصول ہو رہے ہیں تاہم ادائیگی کے عمل کو شفاف اور قواعد کے مطابق بنانے کے لیے ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ جب بھی اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ کو بل جمع کروائے جائیں تو ان کے ساتھ LMS اٹینڈنس کی تصدیق شدہ کاپی لازمی لگائی جائے۔ سرکلر کے مطابق یہ ہدایت وائس چانسلر کی منظوری کے بعد جاری کی گئی ہے تاکہ تدریسی ادائیگیوں میں شفافیت، درستگی اور حاضری کی تصدیق کو یقینی بنایا جا سکے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ LMS ریکارڈ کی فراہمی سے نہ صرف مالی امور میں بہتری آئے گی بلکہ غیر ضروری تاخیر اور اعتراضات سے بھی بچا جا سکے گا۔ یہ مراسلہ تمام فیکلٹیز کے ڈینز، ملحقہ کالجز کے پرنسپلز، تدریسی شعبہ جات کے سربراہان، مختلف ادارہ جات کے ڈائریکٹرز، وائس چانسلر، رجسٹرار اور خزانچی کے دفاتر کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ جامعہ کے حلقوں میں اس اقدام کو مالی نظم و ضبط کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے پارٹ ٹائم اساتذہ کی ادائیگیوں کے عمل کو زیادہ مؤثر اور دستاویزی بنایا جا سکے گا۔







