آج کی تاریخ

بی زیڈ یو: مالی بحران، فیسوں میں اضافہ، وفاقی وزیر کے سفارشی وی سی اوڈی گاڑی کے خواہشمند

ملتان(سٹاف رپورٹر)بہاالدین زکریا یونیورسٹی نے طلبا و طالبات کی فیسوں میں 10 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے اور فیسوں میں یہ اضافہ رواں تعلیمی سال سے ہوگا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ یونیورسٹی مالی بحران کا شکار ہے اسلئےنہ صرف فیسوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے بلکہ یونیورسٹی کے ٹیچنگ سٹاف کا ورک لوڈ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کے اساتذہ نے روزنامہ’’ قوم‘‘ کو بتایا کہ وائس چانسلر چونکہ تدریسی تجربہ نہیں رکھتے اور ان کا بطور وائس چانسلر انتخاب بھی میرٹ کو پامال کرتے ہوئے ایک وفاقی وزیر کی ذاتی دلچسپی سے خاص طور پر سفارش کی بنیاد پر ہوا ہے جس کا از خود ایک پوڈ کاسٹ میں ڈاکٹر زبیر اقبال غوری نے کھل کر اظہار کر دیا ہے اور سرچ کمیٹی کے کنوینر اور سابق بیوروکریٹ اسماعیل قریشی کا نام لے کر کہا کہ انہوں نے مجھے یعنی ڈاکٹر زبیر اقبال کو فون کر کے کہا کہ ہم آپ کو پنجاب کی سب سے مشکل یونیورسٹی کی ذمہ داری سونپ رہے ہیں اور پھر مجھے زکریا یونیورسٹی کا وائس چانسلر لگا دیا گیا۔ اس طرح ڈاکٹر زبیر اقبال غوری نے پاکستان کے ایک انتہائی طیب شہرت کے حامل بیوروکریٹ کو جانبدار ثابت کرنے کی کوشش کر کے ان کی ساکھ ،کردار اور دیانتداری پر بھی سوالیہ نشان کھڑے کر دیئے ہیں۔ یونیورسٹی اساتذہ نے روزنامہ’’ قوم‘‘کو بتایا کہ ایک طرف تو وائس چانسلر فیسوں میں اضافہ کر رہے ہیں اور دوسری طرف اپنے پروٹوکول کیلئے قیمتی اوڈی گاڑیاں خریدنے کے لیے منتیں اور ترلے کر رہے ہیں جبکہ چند ماہ قبل انہوں نے ڈی ایچ اے میں واقع کلب کی اپنی ذات کے لیے ممبرشپ لینے کے لیے یونیورسٹی فنڈ سے رقم ادا کرنے کی منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی جس کی تفصیلات روزنامہ ’’قوم‘‘نے شائع کی کہ ملتان کی ایک یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے اپنے سٹاف سے کہا ہے کہ انہیں ہر صورت میں ایک نجی کلب کی ممبر شپ لے کر دیں۔ روزنامہ قوم میں خبر شائع ہونے کے دو دن بعد بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی سنڈیکیٹ کے ایجنڈے میں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد زبیر اقبال غوری نے اپنےلئےکلب کی ممبرشپ کی منظوری اور ممبرشپ کے لیے فیس کی یونیورسٹی فنڈ سے ادائیگی کی منظوری کو ایجنڈے پر رکھا جس کی تفصیلات فالو اپ کے طور پر روزنامہ ’’قوم‘‘میں شائع ہوئیں تو اسی دن ڈاکٹر زبیر اقبال نے اپنے رجسٹرار سے کہہ کر اس آئٹم کو ایجنڈے سے نکلوا دیا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں