بی زیڈیو کے پروفیسر کا وٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک، لاکھوں روپے ہتھیالیے

ملتان(سٹاف رپورٹر) بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے شعبہ کامرس کے پروفیسر ڈاکٹر آصف یاسین نوسر باز کے ہاتھوں لُٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق دو روز قبل ڈاکٹر آصف یاسین کو ایک نامعلوم شخص کی طرف سے انکے موبائل پر فون آیا جس نے خود کو ایک بینک کا نمائندہ ظاہر کیا اور ان کو انعام کا لالچ دے کر ایک ویب سائٹ کا لِنک بھیجا جِسے انہوں نے کلک کِیا تو ان کا وٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو گیا۔ بعد ازاں اس شخص نے ہیک شدہ وٹس ایپ اکاؤنٹ کے ذریعے ان کی فون لِسٹ میں موجود لوگوں سے ڈاکٹر آصف یاسین بن کر پیسے مانگنا شروع کر دیے۔ جن میں سے کچھ لوگوں نے بتائے گئے اکاؤنٹ میں رقوم مُنتقل بھی کر دیں۔ ذرائع کے مطابق ان کے آبائی علاقے سے تعلق رکھنے والے شخص نے ساڑھے پانچ لاکھ روپے بھیج دیئے۔ اِسی طرح بہاءالدین ذکریا یونیورسٹی کی شعبہ کامرس کی چیئرپرسن اور ڈین فیکلٹی آف بزنس ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر ریحانہ کوثر، جو اس وقت سعودی عرب کے دورے پر ہیں، نے آن لائن بینکنگ کے ذریعے نوسر باز کو ڈاکٹر آصف یاسین سمجھ کر تین لاکھ روپے ٹرانسفر کر دیے جو کہ وہ شخص اکاؤنٹ سے نکلوا کر رفو چکر ہو گیا۔ بعد ازاں ایجنسیوں کی مدد سے ڈاکٹر آصف یاسین نے اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ واپس حاصل کر لیا۔ تا ہم جو لوگ ڈاکٹر آصف یاسین کے نام پر نوسر باز کو رقوم منتقل کر چکے ہیں، ان کی ادائیگی کے لیے ڈاکٹر آصف یاسین سَر پکڑے بیٹھے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں