Post Views: 48
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں بیوی کو گھر سے نکالنے پر سزا کا مجوزہ بل پیش کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی شرمیلا فاروقی نے یہ بل پیش کیا، جس میں تجویز دی گئی ہے کہ بیوی کو گھر سے غیر منصفانہ طور پر نکالنے والے شخص کو قید اور جرمانے کی سزا دی جائے۔ اس کے لیے تعزیرات پاکستان میں سیکشن 298ڈی کے نام سے نئی شق شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
مجوزہ بل کے مطابق، کسی بھی شوہر یا گھر کے رکن کی جانب سے خاتون کو بلاجواز گھر سے نکالنا جرم ہوگا۔ جرم ثابت ہونے پر 3 سے 6 ماہ قید اور 2 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
خاتون کو گھر سے نکالنے کے مقدمات کی سماعت کا مجاز فرسٹ کلاس مجسٹریٹ ہوگا۔ اس ترمیمی بل کو “فوجداری قانون ترمیمی بل 2025” کا نام دیا گیا ہے، اور ڈپٹی اسپیکر نے اسے مزید غور کے لیے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا ہے۔