آج کی تاریخ

تازہ ترین

بینگن: وزن کم کرنے اور صحت بہتر بنانے میں حیرت انگیز مددگار

بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ بینگن صرف کھانے میں لذیذ نہیں بلکہ وزن کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر اگر اسے صحت مند طریقے سے اپنی روزانہ خوراک میں شامل کیا جائے۔ ماہرین کے مطابق بینگن کی غذائی خصوصیات وزن کم کرنے کے لیے بے حد مؤثر ہیں کیونکہ یہ جسم کو توانائی فراہم کرتے ہوئے اضافی کیلوریز سے بچاتا ہے اور بھوک کو دیر تک قابو میں رکھتا ہے۔
بینگن میں کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں، تقریباً 100 گرام میں صرف 25 کیلوریز، جبکہ فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔ فائبر ہاضمہ کے عمل کو سست کرتا ہے اور معدے کو دیر تک بھرے رہنے کا احساس دیتا ہے، جس سے غیر ضروری کھانے کی خواہش کم ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بینگن میں موجود حل پذیر فائبر خون میں شکر اور کولیسٹرول کی سطح کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے، جس سے وزن کم کرنے کے ساتھ ساتھ مجموعی صحت بھی بہتر رہتی ہے۔
بینگن میں قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس اور پولی فینولز پائے جاتے ہیں، جو موٹاپے، ذیابیطس اور دل کی بیماریوں کے خلاف حفاظتی کردار ادا کرتے ہیں۔ چند سائنسی مطالعات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بینگن جسم میں چربی کے ذخیرے کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ یہ lipoprotein lipase کو متحرک کرتا ہے اور pancreatic lipase کی سرگرمی کو کم کرتا ہے، جس سے چربی کے ٹوٹنے اور میٹابولزم میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ بینگن میں موجود فائبر اور پولی فینولز شوگر کے جذب کو سست کرتے ہیں، جس سے بلڈ شوگر کا لیول مستحکم رہتا ہے اور یہ خصوصاً ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
پانی اور فائبر سے بھرپور بینگن کھانے سے کم مقدار میں کھانے کے باوجود دیر تک بھوک محسوس نہیں ہوتی، جس سے وزن کم کرنا آسان اور مؤثر ہو جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بینگن کو دیگر صحت مند غذاؤں کے ساتھ متوازن خوراک میں شامل کیا جائے تو یہ نہ صرف وزن کم کرنے میں مددگار ہے بلکہ مجموعی صحت کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں