بہاول پور: 7 سالہ منتشہ باحفاظت بازیاب، والدین کے حوالے، “قوم” اور ڈی پی او کو دعائیں

بہاولپور(نیوز رپورٹر)ویل ڈن ڈی پی او بہاولپو ر ؛ ویل ڈن، سی سی ڈی بہاولپور روزنامہ قوم کا جہاد رنگ لے آیا۔ تھانہ صدر کی حدود سے گم ہونے والی سات سالہ منتشہ بی بی کیس کا ڈراپ سین: بچی باحفاظت بازیاب، والدین کے حوالے۔ ڈی ایس پی صدر کی پرہجوم پریس کانفرنس۔تفصیلات کے مطابق روزنامہ قوم نے 12 نومبر کو نشاندہی کی تھی کہ 10 نومبر کو سات سالہ منتشہ سکول پڑھنے کے لیے گئی مگر واپس نہ آئی۔ اس کے بعد ڈی پی او بہاولپور نے سخت ایکشن لیا اور ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی جس نے سی سی ڈی کی مدد سے ملحقہ علاقوں جن میں شاہدرہ، جعفری ٹاؤن، کرنا بستی، مسلم ٹاؤن اور یوسف ٹاؤن شامل تھےمشتبہ افراد کی تلاشی اور چیکنگ شروع کی۔ گزشتہ روز بہاولپور پولیس کی آئی ٹی برانچ نے بچی کو سکول سے نکل کر اپنے دادا کے گھر کے پاس جانے کی فوٹیج تلاش کی۔ مزید کیمروں سے بچی کی تلاش جاری تھی کہ جمعہ نماز کے بعد بستی عظیم پورہ کی ایک رہائشی خاتون نے فون پر پولیس کو اطلاع دی کہ بچی اس کے پاس ہے۔ ایس ایچ او صدر عابد حمید، سب انسپکٹر افضل نواز، تفتیشی افسر سب انسپکٹر ابو حسین اور سی سی ڈی کے افسران موقع پر پہنچے اور بچی کو باحفاظت اپنے قبضے میں لے کر والدین کے حوالے کیا۔بچی کی حفاظت کرنے اور اس کی دیکھ بھال کرنے پر ایس ایچ او صدر عابد حمید نے اس خاتون کو دس ہزار روپے نقد انعام بھی دیا۔ اس کے بعد روزنامہ قوم نے سب سے پہلے بچی کی بازیابی کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ ڈی پی او بہاولپور کے حکم پر ڈی ایس پی صدر نے اپنے دفتر میں والدین اور بچی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور تمام تر تفصیلات میڈیا کو بتائیں۔ ڈی ایس پی صدر کا کہنا تھا کہ سکول انتظامیہ کی متعدد ایس او پیز میں غفلت برتی گئی، جن کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔ اطلاعات کے مطابق ڈی پی او بہاولپور کی جانب سے اس اہم کیس میں سی سی ڈی کی معاونت پر سی سی ڈی کو ایپریسیشن لیٹر جاری کیا جا رہا ہے۔روزنامہ قوم کا مسئلہ اجاگر کرنے اور ڈی پی او بہاولپور کے ایکشن لینے پر بہاولپور کی عوامی و سماجی حلقوں، تاجر تنظیموں، سول سوسائٹی، وکلا اور صحافیوں نے اس اقدام کو سراہا۔ یاد رہے کہ بچی کو تلاش کرنے کے لیے ایس ایچ او صدر عابد حمید، سب انسپکٹر افضل نواز، تفتیشی افسر سب انسپکٹر ابو حسین، سی سی ڈی کے افسران اور اے ایس آئی سجاد احمد سمیت دیگر افسران نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچی کی تلاش میں انتھک محنت کی۔بہاولپور پولیس اور سی سی ڈی کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں