بہاولپور (سپیشل رپورٹر،لیڈی رپورٹر ) بہاولپور اڈہ پکاباڑہ میں پرائس کنٹرول کارروائی کے دوران پیرا فورس کے مبینہ اہلکاروں پر بدسلوکی اور تشدد کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیںجس پر علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔تفصیل کے مطابق پیرا فورس صدر سرکل کی جانب سے کی گئی کارروائی کے دوران ایک دکاندار اور انفورسمنٹ آفیسر کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد متعلقہ دکاندار پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی دوران قریبی پیسٹی سائیڈز کے ایک اور دکاندار کی مبینہ مداخلت کے باعث صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی، جسے تحویل میں لے کر پیرا فورس صدر سرکل سٹیشن منتقل کر دیا گیا بعد ازاں ابتدائی تنازع سے متعلق دکاندار کو مبینہ طور پر ایس ڈی ای او کی ہدایت پر اسٹیشن طلب کیا گیا، جہاں انہیں معذرت کرنے کی ہدایت دی گئی تاہم اطلاعات کے مطابق سٹیشن آمد پر دونوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ الزامات کے مطابق زیرِ حراست دکانداروں کے ساتھ غیر مناسب، توہین آمیز اور غیر انسانی سلوک کیا گیا۔ مزید دعوؤں میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ایک دکاندار کو مبینہ طور پر برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اور اہلکاروں کی جانب سے تذلیل آمیز رویہ اختیار کیا گیا جس میں جوتے چٹوانے جیسے اقدامات کی اطلاعات بھی شامل ہیں مزید یہ بھی الزامات سامنے آئے ہیں کہ دورانِ حراست متاثرہ افراد سے مبینہ طور پر مرضی کے بیانات لیے گئے اور خالی کاغذات پر دستخط اور انگوٹھے لگوائے گئے اس واقعے سے متعلق سامنے آنے والی معلومات اور الزامات کی بنیاد پر اگر یہ ثابت ہو جائیں تو یہ اختیارات کے ناجائز استعمال اور انسانی وقار کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے، جس سے ادارہ جاتی ساکھ اور عوامی اعتماد متاثر ہونے کا خدشہ ہے اس مبینہ واقعے میں نامزد اہلکاروں میں محرر جاوید، مظہر، رانا، واجد، انفورسمنٹ آفیسر معظم اور سعود جٹ شامل ہیں علاقہ مکینوں، تاجر برادری اور سماجی حلقوں کی جانب سے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ معاملے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ اعلیٰ سطحی انکوائری کی جائے، جبکہ تمام متعلقہ شواہد بشمول سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے کر حقائق سامنے لائے جائیں۔







