آج کی تاریخ

بہاول پور،ڈالہ سواربااثرشخص نےٹریفک اہلکارکی موٹرسائیکل رونددی

بہاولپور (کرائم سیل) یونیورسٹی چوک بہاولپور پر ٹریفک پولیس کے روکنے پر ایک بااثر شہری نے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ٹریفک اہلکار کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور موقع سے فرار ہو گیا۔واقعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی ریوو ڈالا ہے، جس کا رجسٹریشن نمبر KZ-9980 اور رنگ سفید ہے۔ ذرائع کے مطابق گاڑی سرفراز علی چدھڑ نامی شخص کی ملکیت ہےجس نے فرار کے بعد ڈالے کو چولستان ترقیاتی ادارے کے دفتر میں کھڑا کر دیا۔ بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یا تو ملزم خود وہاں چھپا، یا کسی بااثر شخص کی مدد سے گاڑی کو دفتر تک پہنچایا گیا۔پولیس اور ٹریفک حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو لفٹر کے ذریعے تحویل میں لے کر تھانہ سول لائن منتقل کر دیا۔ ڈی ٹی او بہاولپور کا کہنا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور ملزم کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سرفراز چدھڑ چولستان ترقیاتی ادارے کا مبینہ ٹاؤٹ ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس نے ادارے کے دفتر میں گاڑی کو چھپانے کی کوشش کی۔پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کر کے تفتیش اورملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں