سینکڑوں غیر قانونی پٹرول کی دکانیں،انتظامیہ‘ پولیس ،عوامی نمائندوں اور سیاسی شخصیات کا غیر قانونی پٹرول ایجنسی مالکان سے مبینہ گٹھ جوڑ
قانونی کارروائی نہ ہونے سے مسلسل اضافہ،کریانہ سٹوروں نے پلاسٹک بوتلوں میں پٹرول فروخت کرنا شروع کردیا،کارروائی کا مطالبہ
بہاول پور (بیورو رپورٹ )محکمہ سول ڈیفنس کی نا اہلی، لوٹ مار جاری بہاول پور اور گرد و نواح میں منی پٹرول پمپس سکیورٹی رسک بن گئے‘ غیر قانونی تیل ایجنسیوں پر کسی بھی قسم کے حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے متعدد بڑے حادثات رونماء ہونے سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے‘ منی پٹرول پمپس‘ گلی کوچوں میں قائم‘ دکاندار پلاسٹک کی بوتلوں میں بھی مہنگے داموں پٹرول فروخت کرنے لگے‘ حکام نوٹس لیں‘ شہریوں کا ڈپٹی کمشنر بہاول پور سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق ضلع بھر میں سینکڑوں غیر قانونی پٹرول کی دکانیں اور منی پٹرول پمپس قائم ہو چکے ہیں‘ انسانی جانیں خطرے میں پڑ گئی ہیں جبکہ یہ منی پمپس آئے روز حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔ دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ اعلیٰ حکام کی جانب سے ڈی سی اور ڈی پی او کو متعدد بار مراسلے بھی جاری ہوتے رہے ہیں جس میں غیر قانونی طور پر پٹرول بیچنے والوں کیخلاف کارروائی کرانے کے احکامات دیئے گئے ہیں لیکن اِنکی جانب سے اِس حوالے سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اُٹھائے گئے۔ با خبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ انتظامیہ‘ پولیس اہلکاروں‘ عوامی نمائندوں اور سیاسی شخصیات کا منی پٹرول پمپس اور غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کے مالکان کیساتھ مبینہ گٹھ جوڑ ہے اور انہی کی سرپرستی میں یہ مکروہ دھندہ چل رہا ہے جبکہ ضلع بھر کے معروف علاقوں کے چوکوں پر منی پٹرول پمپس قائم ہیں اور گلی کوچوں میں با اثر دکاندار پلاسٹک کی بوتلوں میں مہنگے داموں پٹرول فروخت کرتے ہیں جس سے سرکاری ریونیو میں بھی کمی ہوتی ہے اِن غیر قانونی تیل ایجنسیوں اور منی پٹرول پمپس پر کسی قسم کے حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے۔ اسی طرح بہاول پور شہر کے مختلف علاقوں بلو والہ چوک‘ رِنگ روڈ‘ دبئی چوک‘ بند روڈ ، صادق کالونی‘ شاہدرہ‘ کوثر کالونی‘ اسلام نگر شرقی‘ سعید آباد کالونی‘ ارشد ٹاؤن‘ چیمہ ٹاؤن چوک‘ پرانی چونگی‘احمد پور روڈ‘ ٹبہ بدر شیر‘ موسیٰ کالونی‘ سٹلائٹ ٹاؤن‘ رفیع قمر روڈ‘ بستی ساملاں‘ بستی دیوان‘ ماڈل ٹاؤن اے‘ بی‘ دیوان والی پلی ، بوھڑ گیٹ ، لکڑ منڈی سمیت خصوصاً لاری اڈا کے ملحقہ علاقہ جات میں درجنوں غیر قانونی ایجنسیاں اور منی پٹرول پمپس قائم ہیں جن کیخلاف باقاعدہ قانونی کارروائی نہ ہونے سے اِن میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور رہی سہی کسر شہر بھر کے کریانہ سٹوروں نے پوری کر دی ہے جبکہ گلی محلوں کے بھی کریانہ سٹوروں نے پلاسٹک کی بوتلوں میں پٹرول فروخت کرنا شروع کر رکھا ہے جبکہ ایسی جگہوں پر فروخت ہونیوالے پٹرول میں ملاوٹ بھی کی جاتی ہے‘ ناقص اور ملاوٹ شدہ پٹرول اور ڈیزل کے استعمال سے موٹر سائیکلوں‘ کاروں اور ٹریکٹروں کے انجن تباہ ہو رہے ہیں جبکہ انجن آئل بھی ناقص فروخت کیا جا رہا ہے اور زائد ستانی الگ سے کی جاتی رہی ہے۔ بہاول پور کے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے رونماء ہونے سے پہلے ہی ضروری اقدامات اور غیر قانونی پٹرول مافیا کیخلاف کارروائی کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔