بہاولپور: کوٹھیوں میں غیر قانونی پٹوار خانے، کچی کٹنگ کے ریٹ مقرر، تحصیلدار سٹی سرپرست

بہاولپور (فلک شیر امام)تحصیلدار سٹی کی سرپرستی میں کچی کٹنگ کے ماسٹر مائنڈ پٹواریوں کا مضبوط نیٹ ورک سرگرم۔حکومت کو بھاری نقصان مگر پٹواری مالا مال ،ممبر بورڈ اف ریونیو اور عدالت عالیہ کے احکامات کھوہ کھاتے،پرائیوٹ کوٹھیوں میں پٹوار خانے بنا کر لوٹ مار جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق تحصیلدار سٹی کی مبینہ سرپرستی میں پٹواریوں کا ایک بااثر گروہ سرگرم ہے جس نے شہر کے مختلف حلقوں میں لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اس گروہ کی قیادت عثمان نیازپٹواری کر رہا ہے، جبکہ اس نیٹ ورک میں معین پٹواری سمیت دیگر اہلکار بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق عدالتِ عالیہ اور ممبر بورڈ آف ریونیو کے واضح احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے گوھیر ٹاؤن گلی نمبر 2 بہاولپور میں ایک غیرقانونی ‘دستی پٹوار خانہ قائم کیا گیا ہے، جو ایک پرائیویٹ کوٹھی میں چل رہا ہے۔ یہاں پرائیویٹ منشیوں کے ذریعے مختلف قانونی و ریونیو امور نمٹائے جا رہے ہیں، جبکہ متعلقہ پٹواریوں کا کہنا ہے کہ “ہماری کوئی نگرانی نہیں، ہمیں کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا۔”شہریوں کے مطابق یہ عناصر کچی کٹنگ کے ماسٹر مائنڈ سمجھے جاتے ہیں اور پراپرٹی ڈیلرز، قبضہ گروپوں اور بڑے بلڈرز کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے زرعی و سرکاری رقبہ جات پر غیرقانونی کٹنگ کرتے ہیں۔ اس عمل سے حکومت کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ کچی کٹنگ کی رپورٹنگ سے لے کر بیان درج کرانے تک تمام مراحل کے علیحدہ علیحدہ ریٹ مقرر ہیں، جبکہ تحصیل کے مختلف دفاتر اور پٹوار خانوں میں ان کے باقاعدہ ٹاؤٹ بھی تعینات ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور اے سی سٹی فوری کارروائی کریں تو اس پرائیویٹ کوٹھی میں موجود غیرقانونی ریکارڈ اور 24 گھنٹے جاری سرگرمیوں کا پول کھل سکتا ہے۔مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس لوٹ مار میں تحصیلدار سٹی اس کا پرسنل سٹاف و عملہ اور دیگر افراد بقدرِ حصہ روزانہ لاکھوں روپے وصول کر رہے ہیں، جبکہ سرکاری خزانہ مسلسل نقصان کا شکار ہے۔ذرائع کے مطابق اس معاملے میں مزید سنسنی خیز انکشافات بھی متوقع ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں