مہنگی بجلی سے بہت سی انڈسٹری ڈیفالٹ ، بند ہوجائے گی جس سے بے روزگاری میں بے تحاشہ اضافہ،حکومت کے ریونیو میں بھی کمی واقع ہوگی
امپورٹرز، ایکسپورٹرز اور مینو فیکچررز سب پریشان ، مجوزہ فکس چارجز کے فیصلے کوواپس اور بجلی کے نرخوں میں بھی کمی کی جائے:صدر ذوالفقار مان
بہاولپور(بیوروچیف )بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرچوہدری ذوالفقار علی مان نے نیپرا کی جانب سے صنعتوں پر 2000فی KW اورگھریلوو تجارتی صارفین پر ماہانہ 200تا 1000روپے فکس چارجز عائد کیے جانے پر شدید احتجاج اور تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ مسلسل یہ بات دیکھنے میں آرہی ہے کہ ہر دس پندرہ روز کے بعد بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جس میں متعدد ٹیکسز فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ و دیگر چارجز شامل ہیں۔ صدر چیمبر نے کہا کہ بجلی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں میں اضافے نے صنعت و تجارت پر شدید منفی اثرات مرتب کیے ہیں اور انڈسٹری پر حالیہ فکس چارجز سے پاکستان کی انڈسٹری مکمل طور پر بحران کاشکار ہو جائے گی اور یہ فکس چارجز ملک کی انڈسٹری کی بقاء اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ یہ بات انتہائی قابل تشویش ہے کہ ہر ماہ بجلی کے بلوں میں متعدد ٹیکسز میں اضافہ اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے سے بجلی صارفین پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے جس سے انڈسٹری کو چلانا انتہائی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر بے شمار ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی انڈسٹری پہلے ہی زبوں حالی کا شکار ہے اور اس پر فکس چارجز لاگو ہونے سے یہ اضافہ انڈسٹری کی تباہی کا موجب ثابت ہوگا اور ملک میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان برپا ہو جائے گا۔ صدر چیمبر نے افسوس کے ساتھ یہ بات کہی کہ کیا اس طرح کا اضافہ ملکی معیشت کی بہتری کا آخری حل یہی ہے کہ ہر ماہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ریونیو اکٹھا کیا جائے۔ صدر چیمبر نے گھریلو صارفین کے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5روپے 72پیسے فی یونٹ اضافے پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔صدر چیمبر نے کہا کہ ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس، ٹریڈ ایسو سی ایشنز اور دیگر تجارتی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ ساتھ دیگر بجلی صارفین بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں لوگ فاقوں پر مجبور ہیں، مہنگائی سے تنگ لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں،مہنگی بجلی کی وجہ سے بہت سی انڈسٹری ڈیفالٹ کر جائے گی اور متعدد انڈسٹریز بند ہوجائے گئی جس سے بے روزگاری میں بے تحاشہ اضافہ ہو جائے گااور انڈسٹری کی بندش سے حکومت کے ریونیو میں بھی کمی واقع ہوگی۔ صدر چیمبر نے کہا کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے امپورٹرز، ایکسپورٹرز اور مینو فیکچررز سب پریشان ہیں اور اسی وجہ سے پاکستان کی ڈوبتی ہوئی معیشت پر مہنگی بجلی کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ صدر چیمبر نے حکومت سے پر زور مطالبہ کیاہے کہ پاکستان کی انڈسٹری سے بوجھ کو کم کرنے کے لیے مجوزہ فکس چارجز کے فیصلے کوواپس لیا جائے اور بجلی کے نرخوں میں بھی کمی کی جائے۔