بہاولپور : ٹیلی کمیونیکیشن اہلکار کے مبینہ اربوں کے اثاثے، شہری حیران

بہاولپور(لیڈی رپورٹر ) بھاولپور میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن اہلکار کے مبینہ غیر قانونی اثاثوں سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئےہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹیلی اہلکار عامر خان عرف “ڈبل شاہ” نے مختصر عرصے میں قیمتی جائیدادیں بنا کر بڑے بڑے بیوروکریٹس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق عامر خان نے حال ہی میں گوہیر ٹاؤن میں 15 لاکھ روپے فی مرلہ کے حساب سے 25 مرلہ کا قیمتی پلاٹ خریدنے کا معاہدہ کیا ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 3 کروڑ 75 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ اہلکار کی ماہانہ تنخواہ تقریباً 60 ہزار روپے ہے، جس کے باوجود اس کے نام پر اربوں روپے مالیت کے اثاثے ہونے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک سرکاری ملازم اتنی کم تنخواہ میں اتنی بڑی جائیدادیں کیسے بنا سکتا ہے، اس حوالے سے شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ دوسری جانب ایف آئی اے، نیب اور ایف بی آر کی جانب سے تاحال کوئی واضح کارروائی سامنے نہیں آئی، جس پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں