بہاولپور(تحصیل رپورٹر) ٹریفک پولیس بہاولپور کی جانب سے شہریوں کو بلاوجہ تنگ کرنے کی شکایات میں اضافہ ٹریفک وارڈن مہر اصغر کے مبینہ کرپشن اور بدتمیزی کے قصے شہر بھر میں زبان زدِ عام ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ وارڈن نے عوام سے بدتمیزی کو معمول بنا رکھا ہے اور معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر بھاری چالان کرنے کے ساتھ ساتھ فیملیز کے ہمراہ شہریوں کو گھنٹوں سڑکوں پر خوار کرنا بھی اس کا وطیرہ بن چکا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق متعدد مواقع پر فیملیز کے سامنے شہریوں کی تضحیک کی گئی، جس سے نہ صرف عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے بلکہ ٹریفک پولیس کی ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے۔ ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ وارڈن مہر اصغر اپنی انہی مبینہ حرکتوں کے باعث متعدد بار محکمہ سے معطل ہو چکا ہے، تاہم اس کے باوجود اس کے رویّے میں کوئی بہتری نہیں آ سکی۔شہریوں نے آئی جی پنجاب، ڈی ٹی او بہاولپور اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ وارڈن کے خلاف شفاف انکوائری کر کے سخت محکمانہ کارروائی کی جائےتاکہ شہریوں کو بلاوجہ ہراساں کرنے کا سلسلہ روکا جا سکے اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد مہذب اور قانونی طریقے سے یقینی بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ شہریوں نے ٹریفک پولیس کے اعلیٰ افسران سے اس معاملے کا نوٹس لینے اور ذمہ دار اہلکار کے خلاف مؤثر کارروائی کی اپیل کی ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔







