بہاولپور میں ایک اور لرزہ خیز واقعہ، 4 سالہ بچہ اغوا کے بعد قتل، لاش 2 روز بعد برآمد

بہاولپور (کرائم سیل) چار سالہ عبد الہادی گھر سے کھیلنے کے لیے نکلا مگر دو روز بعد لاش کھیتوں سے ملی، اغوا کے بعد قتل نے علاقے میں شدید خوف و ہراس کی فضا قائم کر دی۔ پولیس نے پہلے اغوا کا مقدمہ درج کیا ۔بچے کو تلاش کرتے ہوئے گھر سے دو کلومیٹر دور کھیتوں سے لاش برآمد کر لی۔ زیادتی یا کوئی اور وجہ؟ پولیس نے میڈیکل سے قبل کسی قسم کی کوئی رائے دینے سے انکار کر دیا۔ شہباز نامی مشتبہ شخص گرفتار، بچے کے قتل میں مزید افراد کے ملوث ہونے کے امکانات ہیں۔تفصیلات کے مطابق بستی لال سوہانرا علاقہ تھانہ خیرپور ٹامیوالی کے رہائشی عارف شاہ ولد منظور شاہ کا چار سالہ بیٹا عبدالہادی 14 تاریخ کو 10 بج کر 30 منٹ پر گھر سے کھیلنے کے لیے نکلا مگر پھر گھر واپس نہ آیا جس پر تھانہ میں مقدمہ نمبر 1131/25 بجرم 363 ت پ مورخہ 15 نومبر کو درج ہوا اور پولیس نے بچے کی تلاش شروع کر دی۔ اس سے اگلے روز پولیس کو چار سالہ بچے کی لاش گھر سے دو کلومیٹر دور کھیتوں سے برآمد ہوئی۔عینی شاہدین کے مطابق بچے کو گردن دبا کر ہلاک کرکے لاش کو درختوں کے نیچے پھینک دیا کیونکہ بچے کی گردن پر نشان تھے اور اسکے چہرے کی ایک سائیڈ پر بھی زخم کے نشانات تھے جسے ممکنہ زیادتی کے بعد قتل کر کے ویران جگہ پر پھینک دیا گیا ۔اہل علاقہ کے مطابق گرفتار ملزم شہباز کو ایک خاتون نے بچے کے ساتھ وقوع کے روز قبرستان کی طرف جاتے دیکھا گیا ہے پولیس نے ضابطے کی کارروائی کرنے کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کر دیا، جسے نمازِ جنازہ کے بعد دفنا دیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق بچے کے ساتھ زیادتی کے امکانات ہیں۔ پولیس نے لاش برآمد ہونے سے قبل ہی شہباز نامی ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا، مگر پولیس ذرائع کے مطابق ابھی تک وہ اس قتل کے بارے میں تسلیم نہیں کر رہا مگر ورثاء کے مطابق ہوسکتا ہے کہ پولیس کو لاش ملزم کی نشاندھی پر تلاش کی ہو کیونکہ حالات و واقعات اسی کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ گرفتار ملزم ہی بچے کے قتل میں ملوث ہے۔ جبکہ ایس ایچ او خیرپور ٹامیوالی نے زیادتی کے متعلق میڈیکل رپورٹ کے بعد تصدیق کرنے کا بتایا۔بچے کے قتل نے پورے علاقے کی فضاء کو سوگوار کر دیا ہے جبکہ ورثاء نے بچے کے گم ہونے سے لیکر لاش برامد ہونے تک پولیس کے مکمل تعاون کا بتایا شہریوں نے قاتل کے خلاف سی سی ڈی طرز کی فوری سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں