بہاولپور (سپیشل رپورٹر) بہاولپور میونسپل کارپوریشن کی مبینہ سرپرستی میں بھتہ خوری کا ایک سنسنی خیز اور چونکا دینے والا انکشاف سامنے آ گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک پرائیویٹ شخص سلیم شاہ اور میونسپل کارپوریشن کا اہلکار بیلدار احسن خان مبینہ طور پر عرصہ دراز سے شہر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں اور چھوٹے کاروباری افراد سے بھتہ وصول کرنے میں مصروف ہیں۔تفصیل کے مطابق دونوں افراد روزانہ موٹر سائیکل پر شہر کے مختلف بازاروں اور گلی محلوں کا چکر لگاتے ہیں اور مبینہ طور پر دکانداروں، ریڑھی بانوں اور چھوٹے تاجروں سے رقم وصول کرتے ہیں الزام ہے کہ جو شہری بھتہ دینے سے انکار کرتے ہیں انہیں سخت نتائج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں جبکہ بعض کاروباری افراد سے مبینہ طور پر رقم لے کر دوسرے افراد کے خلاف انتقامی کارروائیاں بھی کی جاتی ہیں شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ حیران کن طور پر متعدد مرتبہ مختلف اخبارات میں سلیم شاہ کے خلاف خبریں شائع ہونے کے باوجود آج تک کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آ سکی، جس سے یہ تاثر مضبوط ہو رہا ہے کہ اسے بعض بااثر عناصر کی پشت پناہی حاصل ہے۔ ذرائع کے مطابق خیرپور ٹامیوالی کا رہائشی سلیم شاہ مبینہ طور پر روزانہ اپنے موٹر سائیکل پر میونسپل کارپوریشن کے بیلدار احسن خان کو ساتھ لے کر شہر کے مختلف مقامات سے بھتہ وصول کرتا ہے اور مبینہ طور پر ایک حصہ خود رکھ کر باقی رقم میونسپل کارپوریشن کے بعض اہلکاروں تک پہنچائی جاتی ہے۔ حال ہی میں ایک محنت کش شہری مصور کو مبینہ طور پر بھتہ نہ دینے کی پاداش میں نشانہ بنایا گیا متاثرہ شخص الکریم پلازہ کی بیک سائیڈ پر تقریباً ڈیڑھ کلو چاول بیچ کر اپنے اہل خانہ کا پیٹ پال رہا تھا اور القادر پلازہ کی حدود میں ایک چھوٹا سا کاؤنٹر لگا کر روزگار کما رہا تھا۔ الزام ہے کہ سلیم شاہ، احسن بیلدار اور مستقیم نامی شخص نے مبینہ طور پر انتقامی کارروائی کرتے ہوئے اس کا کاؤنٹر اٹھا لیا اور بعد ازاں میونسپل کارپوریشن دفتر لے جا کر توڑ دیا ۔متاثرہ شہری نے کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور کو تحریری درخواست دی جو سی او میونسپل کارپوریشن کو مارک کی گئی، مگر الزام ہے کہ میونسپل کارپوریشن دفتر میں اس کے ساتھ مبینہ طور پر نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ گالم گلوچ کرتے ہوئے دفتر سے نکال دیا اور اب تک کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ خبر منظر عام پر آنے کے بعد سلیم شاہ مبینہ طور پر صحافیوں کو بھی دھمکیاں دینے لگا اور دعویٰ کیا کہ اس کے بغیر میونسپل کارپوریشن کا نظام نہیں چل سکتا۔







