بہاولپور: ماہ رمضان میں بی آئی ایس پی کی رقوم میں کٹوتی جاری

بہاولپور(سپیشل رپورٹر ) بہاولپور رمضان المبارک میں بھی مستحق خواتین کی امدادی رقوم سے منظم لوٹ مارجاری ہے۔ رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں بھی مستحق خواتین کو ملنے والی امدادی رقوم محفوظ نہ رہ سکیں۔ متاثرہ خواتین کے مطابق عباسیہ ٹاؤن میں قائم ریٹیلر قیصر شیروز مبینہ طور پر ایچ بی ایل کونٹیکٹ فرنچائزی اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بہاولپور سٹی کے بعض اہلکاروں کی سرپرستی میں اپنے سہولت کاروں کے ذریعے خواتین سے رقم وصول کیے بغیر ادائیگی نہیں کرتے متاثرہ خواتین کے مطابق فی کس ڈیڑھ ہزار سے تین ہزار روپے تک کٹوتی کی جا رہی ہے۔ قائد اعظم کالونی، ریلوے مسلم ٹاؤن، شاہدرہ، بٹھہ نمبر 1، عباسیہ ٹاؤن، میلا گلی حسینی چوک، بستی آگڑہ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والی متعدد خواتین نے بھی اسی نوعیت کی شکایات سامنے لائی ہیں۔ خواتین کے مطابق ادائیگی کے وقت دو ہزار روپے تک کی کٹوتی عام بات بن چکی ہے متاثرہ خواتین کا کہنا ہے کہ جو خواتین رقم دینے سے انکار کرتی ہیں انہیں صبح سات بجے سے شام پانچ بجے تک لمبی قطاروں میں کھڑا رکھا جاتا ہے۔ کچھ مقامات پر خواتین ٹاؤٹس بھی متحرک ہیں جو مستحق خواتین سے پہلے ہی ڈیڑھ ہزار سے تین ہزار روپے تک طے کر لیتی ہیں۔ بعد ازاں یہی ٹاؤٹس ریٹیلرز کے ذریعے رقم نکلوا کر طے شدہ حصہ وصول کر لیتی ہیں ادائیگی کے وقت مکمل رقم خواتین کے ہاتھ میں دے کر ویڈیو بیان اور تصاویر بھی بنائی جاتی ہیں تاکہ کسی ممکنہ کارروائی کی صورت میں بظاہر مکمل ادائیگی ظاہر کی جا سکے۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران جاری اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور مستحق خواتین کو ان کی امدادی رقوم مکمل طور پر بغیر کسی کٹوتی کے فراہم کی جائیں۔

#bisp

شیئر کریں

:مزید خبریں