آج کی تاریخ

بہاولپور ماڈل لاری اڈا، فیصل موورز سٹینڈ سے خفیہ پارسلوں کی ڈلیوری

بہاولپور (سپیشل رپورٹر) بہاولپور ماڈل لاری اڈا اور فیصل موورز بس سٹینڈ کی اصل حقیقت بے نقاب ہوگئی۔جنگلہ توڑ کر خفیہ پارسلوں کی ڈیلیوری کا انکشاف ہواہے۔ بہاولپور کے ماڈل لاری اڈا اور فیصل موورز بس سٹینڈ جنہیں شہریوں کی سہولت اور جدید نظام کے لیے بنایا گیا تھا، مافیا کے قبضے میں آ گئے۔ عینی شاہدین اور تصویری شواہد کے مطابق دونوں اڈوں کے اطراف نصب آہنی جنگلہ توڑ کر اس کے ذریعے بڑے بڑے بیگ اور پارسل بسوں میں منتقل کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ صرف عام سامان نہیں بلکہ خفیہ پارسل بھی انہی ٹوٹے ہوئے جنگلوں سے نکال کر براہِ راست گاڑیوں اور بسوں میں ڈالے جاتے ہیں تاکہ چیکنگ اور نگرانی سے بچا جا سکے اس مکروہ دھندے سے نہ صرف اڈا کی ’’ماڈل‘‘حیثیت خاک میں مل گئی ہے بلکہ سکیورٹی کے لیے بھی شدید خطرات پیدا ہو چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے ماڈل بس سٹینڈ اور فیصل موورز چند افراد کے ناجائز مفاد کی نذر ہو گئے ہیں۔ روزانہ درجنوں بیگ اور پارسل اس غیر قانونی راستے سے گزرتے ہیں اور متعلقہ ادارے تاحال خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے فوری ایکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس غیر قانونی عمل کو نہ روکا گیا تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں