بہاولپور: “قوم” کی نشاندہی، محکمہ جنگلات کا تاریخی آپریشن، 2 ہزار ایکڑ رقبہ واگزار

بہاولپور(تحصیل رپورٹر)روزنامہ قوم کی نشاندہی پر محکمہ جنگلات نے تاریخی اور فیصلہ کُن گرینڈ آ پر یشن کرتے ہوئے بھاری مشینری کی مدد سے تقریباً دو ہزار ایکڑ کے لگ بھگ سرکاری جنگلاتی رقبہ ناجائز قابضین سے مکمل طور پر واگزار کروا لیا۔آپریشن کی قیادت کنزرویٹر ملک سلیم، ڈی ایف او طارق سناوا، رینج آفیسر چوہدری سفارش، بلاک آفیسر یاسر اور گارڈ عدنان نے کی ۔کارروائی کے دوران ٹیم کے ہمراہ بھاری مشینری بھی موجود تھی جس کی مدد سے قبضہ مافیا کے بنائے گئے گھر، ٹیوب ویل، اوطاقیں اور دیگر غیر قانونی تعمیرات مکمل طور پر مسمار کر دی گئیں۔ محکمہ جنگلات کی ملکیتی زمین پر موجود تمام کاشت پر ہل چلا کر اسے سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔کنزرویٹر ملک سلیم نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ جنگلاتی رقبے پر قبضہ کرنے والوں کو اب ہرگز رعایت نہیں ملے گی۔ محکمہ جنگلات کے اندر موجود کالی بھیڑیں بھی اپنا قبلہ فوری درست کر لیں، ورنہ ان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران قبضہ مافیا کو کہیں بھی مزاحمت کا موقع نہ ملا اور پورا رقبہ مکمل طور پر پاک کر دیا گیا ہے۔ڈی ایف او طارق سناوا اور رینج آفیسر چوہدری سفارش نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی سرکاری جنگلاتی اراضی پر آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مقامی عوامی و سماجی حلقوں نے روزنامہ قوم کی بروقت خبر اور محکمہ جنگلات کی موثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے گرینڈ آپریشن محکمہ جنگلات کی ساکھ بحال کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری جنگلاتی رقبہ کو مستقبل میں قبضہ مافیا سے محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں