بہاولپور: سیف سٹی کے کارنامے، مسروقہ موٹر سائیکلوں کے ای چالان، مالکان حیران

بہاولپور (کرائم سیل)بہاولپور میں ای چالان مافیا کے ناقابل یقین کارنامے سامنے آگئے! چوری شدہ موٹر سائیکلوں پر بھی جرمانے کرنے سے مزدور اور ریڑھی بان چیخ اٹھے“پولیس چور پکڑے یا چالان بھرے؟”معلوم ہوا ہے کہ شہریوں کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت شروع کیا گیا ای چالان سسٹم عوام کے لیے وبالِ جان بن گیا! ناقص کارکردگی اور غفلت کی انتہا دیکھئے کہ پولیس چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کرنے کے بجائے انہی گاڑیوں کے مالکان کو ہزاروں روپے کے جرمانے بھیجنے لگی ہے۔ شہری راشد خان کا کہنا ہے کہ اس کا موٹر سائیکل نمبر BRO-17-5709 کچھ عرصہ قبل چوری ہو گیا تھا جس کی ایف آئی آر پولیس تھانے میں باقاعدہ درج ہے۔ لیکن حیرت انگیز طور پر اب اسی چوری شدہ موٹر سائیکل کا 2000 روپے کا ای چالان اسے موصول ہوا ہے! شہری نے کہا کہ “چور پکڑنے کے بجائے پولیس ہمیں چالان کی ٹکٹ بھیج رہی ہے، یہ ان کی نااہلی اور ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔”شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی نااہلی اور ٹریفک حکام کی من مانی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ہیلمٹ نہ پہننے پر 2000 روپے جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے، جس سے مزدور، ریڑھی بان اور کم آمدن والے شہری سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔ “جس کی روزانہ کی کمائی 800 سے 1000 روپے ہے، وہ کیسے 2000 روپے کا چالان ادا کرے؟” عوامی حلقوں کا شکوہ۔ذرائع کے مطابق پولیس نے ہر تھانے کو ہدایت دی ہے کہ روزانہ 50 موٹر سائیکلیں ہیلمٹ نہ پہننے پر بند کی جائیںاور انہیں اس وقت تک حوالات میں رکھا جائے جب تک مالک بازار سے نیا ہیلمٹ خرید کر نہ لائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ چالان نہیں، پولیس کی کھلی بھتہ خوری اور عوام دشمنی ہے۔ای چالانوں کے علاوہ ٹریفک پولیس کی بے لگامی نے بھی عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ نہ صرف بلاجواز چالان کیے جا رہے ہیں بلکہ اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کے ساتھ بدتہذیبی، بدتمیزی اور ہراسانی معمول بن چکی ہے، اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور اعلیٰ پولیس حکام سے فوری نوٹس لینے اور ای چالان مافیا کے اس “لوٹ مار پروگرام” کو بند کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ شہریوں کا انتباہ: “اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو بہاولپور کی سڑکوں پر شدید احتجاج کیا جائیگا ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں