تازہ ترین

بہاولپور: سیاستدانوں کے چہیتے صنعتکار کو سرکاری سرپرستی حاصل

ملتان (قوم ریسرچ سیل) سیاستدانوں کے چہیتے بااثر صنعت کار چوہدری عبدالستار نے محکمہ انہار کے کرپٹ اور کاریگر سب انجینئر عبدالستار گل کی ملی بھگت سے سالونٹ پلانٹ کے زہریلے پانی سے متعلق رپورٹ کو پسِ پشت ڈال دیا اور جعل سازی و دو نمبری کے ذریعے غلط رپورٹ ظاہر کروا کر اُس وقت کے ایکسین انہار جام محمد عمران کے ساتھ ملی بھگت کر کے اس سے این او سی حاصل کیا، جس کے بعد زہریلا اور انتہائی خطرناک پانی نہر میں شامل کر دیا گیا، ذرائع کے مطابق متعدد تحریری شکایات اور ٹھوس شواہد کے باوجود چیف انجینئر انہار شوکت حسین ورک اور کمشنر بہاولپور اس سنگین اور حساس معاملے میں کارروائی کرنے میں یکسر ناکام رہے جس کے نتیجے میں انسانی صحت، زرعی زمینوں اور پورے ماحولیاتی نظام کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بہاولپور میں ایک بااثر سیاستدان کی مبینہ پشت پناہی کے باعث انسانی جانوں میں زہر گھولنے والی فیکٹری اور اس کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی سیاست کی نذر ہو چکی ہے، باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ جھانگی والا روڈ پر قائم الائیڈ انڈسٹریز کے نام سے ایک طاقتور صنعت کار چوہدری عبدالستار نے کاٹن فیکٹری کو بغیر این او سی حاصل کیے سالونٹ پلانٹ میں تبدیل کر کے علاقے کے مکینوں کی زندگیاں داؤ پر لگا رکھی ہیں، کچھ عرصہ قبل علاقہ مکین محمد اکبر اور دیگر افراد نے ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات اور ایس ڈی او انہار کو کارروائی کے لیے درخواستیں دیں مگر کارروائی کے بجائے متعلقہ سب انجینئر عبدالستار گل جو خود کو صوبائی وزیر آبپاشی کا چہیتا ظاہر کرتا ہےنے نہایت چالاکی سے سوائل اینڈ واٹر ٹیسٹنگ لیب سے ’’سب اچھا ہے‘‘ کی رپورٹ بنوا لی جس کی بنیاد پر ایکسین انہار جام محمد عمران سے نہر میں فاضل پانی ڈالنے کا این او سی بھی جاری کروا لیا گیا، تاہم متاثرہ شہری محمد اکبر کی جانب سے اسی پانی کا سیمپل جب نجی لیبارٹری سے ٹیسٹ کروایا گیا تو پانی زہریلا ثابت ہوا اور لیبارٹری رپورٹ میں واضح طور پر درج کیا گیا کہ یہ پانی آبپاشی کے لیے موزوں نہیں، اس تمام صورتحال سے چیف انجینئر انہار شوکت حیات ورک کو بھی آگاہ کیا گیا لیکن فیکٹری مالک اور سب انجینئر عبدالستار گل ایک سیاسی شخصیت کے مبینہ چہیتے ہونے کے باعث تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہ آ سکی اور فیکٹری مالک کھلے عام انسانی زندگیوں سے کھیلتا رہا، جس پر متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس سنگین معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث صنعت کار، محکمہ انہار کے ذمہ دار افسران اور فیکٹری انتظامیہ کے خلاف غیر جانبدارانہ، سخت اور مثالی کارروائی عمل میں لائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو مزید خطرات سے بچایا جا سکے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں