بہاولپور : سرکاری نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی، پٹواری نے ریکارڈ واپس نہ کیا

بہاولپور (سپیشل رپورٹر ) بہاولپور سے ایک نہایت تشویشناک اور سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے جس نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں ذرائع کے مطابق تحصیل صدر بہاولپور میں تعینات پٹواری وقاص مقبول کو اسسٹنٹ کمشنر صدر کی جانب سے حلقہ 1-BC کا چارج چھوڑنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، مگر حیران کن طور پر مذکورہ پٹواری نے سرکاری احکامات ماننے سے صاف انکار کر دیا۔ تفصیل کے مطابق اطلاعات ہیں کہ 30 جنوری 2026 کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود وہ بدستور حلقہ 1-BC کا مکمل ریکارڈ اپنے پاس رکھے ہوئے ہے اور چارج واپس کرنے سے گریزاں ہے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اس انکار کی بنیادی وجہ مبینہ طور پر ریلوے اراضی پر غیر قانونی قابضین سے کی جانے والی وصولیوں کا ریکارڈ بتایا جا رہا ہے، جو حلقہ 1-BC کی فائلوں میں موجود ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ریکارڈ سامنے آنے کی صورت میں مبینہ بے ضابطگیاں اور مالی بدعنوانی بے نقاب ہو سکتی ہیں، جس کے باعث پٹواری سرکاری احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کر رہا ہے ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر صدر کے احکامات کو عملاً ہوا میں اڑا دیا گیا ہے اور متعلقہ ریکارڈ تاحال واپس نہیں کیا گیا۔ اس صورتحال پر عوامی و سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے شہریوں کا مطالبہ ہے کہ فوری قانونی کارروائی کرتے ہوئے حلقہ 1-BC کا ریکارڈ تحویل میں لے کر مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ حقیقت سامنے آ سکے یہ معاملہ ضلعی انتظامیہ کی عملداری اور سرکاری احکامات کی حیثیت پر بڑا سوالیہ نشان بن چکا ہے، جبکہ شہری انصاف اور شفاف تحقیقات کے منتظر ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں