بہاولپور: زیادتی، نکاح کیس، “قوم” بنا مظلوم کی آواز، ایس ایچ او فارغ، تفتیشی جبری ریٹائر

بہاولپور ( نیوز رپورٹر) روزنامہ قوم کی جاندار تحقیقاتی رپورٹنگ رنگ لے آئی اور تمام تر سفارشوں کے علاوہ سیاسی دباؤ کے باوجود ڈی پی او بہاولپور نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کروا کر کم عمر بچی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنانے کے بعد حاملہ ہونے پر جعلی نکاح ڈالنے والے ملزم رمضان نمبردار کو تحفظ دینے کے الزامات ثابت ہونے پر ایس ایچ او کینٹ سہیل قاسم کو نوکری سے برخاست اور تفتیشی سب انسپکٹر کو جبری ریٹائر کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق مورخہ 6 نومبر کو روزنامہ قوم نے ایک سنسنی خیز خبر شائع کی کہ ’’بہاولپور میں درندگی کی انتہا، 13 سالہ کمسن طالبہ حاملہ، پولیس اور رمضان نمبردار کا انوکھا انصاف، — گرفتار ملزم کا نکاح متاثرہ بچی سے کروا دیا گیا جبکہ ملزم شہزاد کی بیٹی کا نکاح متاثرہ بچی کے بھائی سے کروا کے معاملہ دبانے کی کوشش!۔ روزنامہ قوم کی اس خبر پر ڈی پی او بہاولپور نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن جمشید شاہ کو انکوائری افسر مقرر کیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن نے مکمل تحقیقات کے بعد اصل حقائق سے ڈی پی او بہاولپور کو آگاہ کیا۔انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ڈی پی او نے تمام تر دباؤ اور سفارشات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بہاولپور کے متعدد سیاستدانوں اور کئی ایس ایچ اوز کا قریبی سمجھے جانے والے رمضان نمبردار کے خلاف 6 نومبر کی رات 11 بجے مقدمہ درج کروایا اور رمضان نمبردار کو گرفتار کروا لیا۔اس کے بعد ڈی پی او بہاولپور نے محرر تھانہ، تفتیشی سب انسپکٹر رانا عقیل اور ایس ایچ او تھانہ کینٹ سہیل قاسم کو چارج شیٹ کرتے ہوئے ڈی ایس پی لیگل جام محسن کو انکوائری کرنے کے احکامات جاری کیے۔ روزنامہ قوم نے 7 نومبر کو کیس کی تمام تفصیلات، ثبوت اور پس منظر اپنے قارئین کے سامنے پیش کیے اور انکوائری افسران کو بھی ٹھوس شواہد فراہم کیے۔ گزشتہ روز ڈی ایس پی لیگل جام محسن نے تمام شواہد اور بیانات کی روشنی میں انکوائری رپورٹ ڈی پی او بہاولپور کو پیش کی جس کے بعد ڈی پی او بہاولپور نے فیصلہ سناتے ہوئے ایس ایچ او کینٹ محمد سہیل قاسم کو ڈسمس فرام سروس، تفتیشی سب انسپکٹر رانا عقیل کو جبری ریٹائرڈ اور محرر تھانہ کی تنزلی کر دی۔ اس فیصلے پر بہاولپور کے عوامی، سماجی حلقوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور خواتین کے حقوق کی علمبردار اداروں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او بہاولپور کے اس اقدام کو پولیس میں احتساب اور شفافیت کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ ڈی پی او بہاولپور کے واضح احکامات کے باوجود ایس ایچ او تھانہ کینٹ نے رمضان نمبردار کی سہولت کاری کرتے ہوئے چائلڈ میرج ایکٹ کی دفعات مقدمے میں شامل نہیں کیں، جس سے ملزمان کو رعایت ملی۔ذرائع کے مطابق رمضان نمبردار نے ڈی پی او کے عتاب سے بچنے کے لیے تھانے میں اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے بیلف بھی ڈالوایا جس کی خبر بھی روزنامہ قوم نے گزشتہ روز شائع کی۔روزنامہ قوم کی جاندار رپورٹنگ اور عوامی مفاد میں کی گئی اس بے خوف صحافت پر بہاولپور کے شہریوں، سوشل میڈیا صارفین، اور باشعور حلقوں نے چیف ایڈیٹر میاں غفار احمد، منیجنگ ڈائریکٹر شیخ نعیم احمد اور پوری نیوز ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔تاہم پہلے کی طرح اہم ایشو پر اس مرتبہ بھی ترجمان بہاولپور پولیس نے موقف دینا مناسب نہیں سمجھا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں