بہاولپور: ریٹائرمنٹ قریب آتے ہی انفورسمنٹ آفیسر کارپوریشن کی بھتہ وصولی تیز

بہاولپور (سپیشل رپورٹر) بہاولپور میونسپل کارپو ر یشن میں تعینات انفورسمنٹ آفیسر ملک اقبال کے خلاف کرپشن، بھتہ خوری اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے سنگین الزامات نے شہر بھر میں ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔ ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچتے ہی ملک اقبال نے مبینہ طور پر اپنی غیر قانونی بھتہ وصولی کی سرگرمیاں تیز کر دیں، اس کا بیٹا بھی پوری طرح سرگرم دکھائی دے رہا ہے ،عینی شاہدین اور متاثرہ شہریوں کے مطابق ملک اقبال نے شہر کے مختلف علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بھتہ وصولی کے منظم طریقہ کار کو مزید مضبوط کیااور اسی مقصد کے لیے اپنے بیٹے نوید کو بھی ساتھ ملا کر کارروائیاں کرائیں۔فرید لیڈیز پارک روڈ پر غیر قانونی جوس کی ریڑھیوں اور دیگر چھوٹے کھوکھوں سے اس کے بیٹے کی جانب سے مبینہ طور پر کھلے عام رقوم وصولی کی جاتی ہے جبکہ بھتہ نہ دینے والوں کو کارروائی کی دھمکیاں بھی دی جاتی رہیں، شہریوں کا مؤقف ہے کہ سرکاری عہدے کا سہارا لے کر اس قسم کی غیر قانونی فعالیت نہ صرف قانون کی توہین ہے بلکہ محنت کش طبقے کا استحصال بھی ہے، متاثرہ دکانداروں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مکمل انکوائری کے بعد ملزمان کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ،اس معاملے نے میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی اور شفافیت پر بھی سوال اٹھا دیئے ہیں، جبکہ شہری حلقے اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ معاملے کی آزادانہ تحقیقات سے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں