بہاولپور (سپیشل رپورٹر ) بہاولپور رجسٹری برانچ میں مبینہ طور پر لوٹ مار اور کرپشن کا دھماکہ خیز اسکینڈل منظرِ عام پر آگیا ذرائع کے مطابق کنڈونیشن فیس کی مد میں کروڑوں روپے کے مبینہ غبن اور محکمے کے اندر بندر بانٹ کے حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔ تفصیل کے مطابق دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جیسے ہی نواز علی نے کلر کی سیٹ سنبھالی، مبینہ طور پر لاکھوں روپے اینٹھے گئے اور لوٹ مار کا سلسلہ تاحال جاری ہے اندرونی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ رجسٹری برانچ میں عرصہ دراز سے ایک منظم طریقے سے کرپشن کا جال بچھا ہوا ہے اور یہ برانچ مبینہ طور پر سونے کی چڑیا کا درجہ رکھتی ہے، جس سے فائدہ اُٹھانے کے لیے مخصوص گروہ ہر وقت سرگرم نظر آتے ہیں صورتحال اس قدر سنگین ہو چکی ہے کہ بہاولپور کے ایک شہری نے نواز علی، اکبر پٹواری،اور چند ٹاؤن ڈویلپرز کے خلاف اینٹی کرپشن بہاولپور کو باقاعدہ تحریری درخواست دے دی ہے، جس کے بعد شہر بھر میں ہلچل مچ گئی ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق مزید شہری بھی سامنے آ گئے ہیں جو اپنے پاس موجود مبینہ شواہد اور حقائق کے ساتھ اینٹی کرپشن، کمشنر بہاولپور اور وزیراعلیٰ پنجاب کو درخواستیں دینے کا فیصلہ کر چکے ہیں باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید چونکا دینے والے انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے، جن میں رجسٹری برانچ کے متعدد اہلکاروں کے نام شامل ہو سکتے ہیں شہر بھر میں چہ مگوئیاں جاری ہیں اور عوام اس بہاولپور رجسٹری اسکینڈل کے مزید ابھرتے پہلوؤں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔







