بہاولپور ( کرائم سیل) تھانہ ڈیرہ نواب صاحب کی حدود میں خاندانی دشمنی پر فائرنگ، چوہدری طارق بشیر چیمہ کے قریبی ساتھی ندیم خان لاشاری کے بیٹے اور بھائی سمیت دو افراد جاں بحق،تین زخمی ،زخمیوں کو طبی امداد کیلئے وکٹوریہ ہسپتال منتقل کردیا گیا تفصیلات کے مطابق تھانہ ڈیرہ نواب صاحب کی حدود میں واقع اڈہ 42 ہزار پر خاندانی دشمنی کے باعث فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل جبکہ تین کو شدید زخمی کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان کی شناخت شیراز ولد ندیم اور وسیم ولد اجمل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں اسد ولد اجمل کے سینے کے دائیں اور بائیں جانب گولیاں لگیں جبکہ سجاد ولد اعظم شہزاد لاشاری بھی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق ملزمان کے نام کلیم اللہ، انعام اللہ، اختر نائی و دیگر 4 سے 5 نامعلوم افراد ہیں ۔اہل علاقہ کے مطابق فریقین کے درمیان چند روز قبل بھی شدید جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد سے حالات کشیدہ تھے۔ترجمان بہاولپور پولیس نے اس بات کو کنفرم کیا ہے کہ چند روز قبل بھی دونوں گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس کی تھانہ ڈیرہ نواب میں مار پیٹ کی رپٹ درج کی گئی تھی مگر انسدادی کارروائی نہ کی گئی تھی ۔اسی دوران فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔ سردار محمد ندیم خان لاشاری جو کہ چوہدری طارق بشیر چیمہ ایم این اے کے قریبی ساتھی ہیںکے خاندان پر یہ حملہ سیاسی و سماجی حلقوں میں بھی گہری تشویش کا باعث بنا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ علاقے میں امن و امان قائم ہو سکے۔یاد رہے کہ ندیم خان لاشاری کے بیٹے ڈاکٹرشیراز خان دو روز قبل ہی جرمنی سے اپنی ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کر کے واپس آئے تھے اور اس واقعے کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے ۔
