بہاولپور (سپیشل رپورٹر) ملک بھر میں بینک اور موبائل اکاؤنٹس ہیک کر کے شہریوں کو لاکھوں روپے سے محروم کرنیوالا خطرناک بین الصوبائی ہیکرز نیٹ ورک ایک بار پھر بہاولپور میں سرگرم ہو گیا ہے۔ تازہ ترین انکشافات نے اس نیٹ ورک کے اصل چہرے بے نقاب کر دیے ہیں، جن میں بستی نورے دی گوٹھ کا رہائشی ارسلان منظور اور ٹبہ بدر شیر کا رہائشی خالد اوڈھ مرکزی کردار کے طور پر سامنے آئے ہیں تفصیل کے مطابق ارسلان منظور اور خالد اوڈھ نہ صرف اس گینگ کی مقامی کمان سنبھالتے ہیں بلکہ اپنے گھروں کو ہیکرز کے محفوظ اڈے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ یہ دونوں اندرون و بیرون ملک سے ماہر ہیکرز کو بہاولپور اور نواحی علاقوں میں بلوا کر سادہ لوح شہریوں کے بینک، جاز کیش، ایزی پیسہ اور دیگر آن لائن اکاؤنٹس ہیک کروا کر خالی کر لیتے ہیں۔ اس خطرناک دھندے میں ان کا تعلق جدید ٹیکنالوجی، سافٹ ویئر ہیکنگ اور فراڈ نیٹ ورک سے جڑا ہوا ہے، جو دن رات شہریوں کی خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈال رہا ہے مزید تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اس گینگ کا اصل بگ باس فیصل آباد کا رہائشی جمیل لنگڑا ہے، جو راجہ اوڈھ اور سنی اوڈھ (رہائشی بھٹہ نمبر دو) کے ذریعے ملک کے مختلف شہروں میں کارندوں کا جال پھیلاتا ہے۔ ان کے نیٹ ورک میں راجہ اوڈھ، شبیر اوڈھ (رہائشی ٹبہ بدر شیر)، سکندر (رہائشی بستی اگڑا) اور دیگر مرد و خواتین شامل ہیں، جو ہیکنگ اور سائبر فراڈ میں مہارت رکھتے ہیں۔ یہ گروہ شہریوں سے حاصل کی گئی لوٹی ہوئی رقم کا ایک بڑا حصہ کمیشن کی صورت میں جمیل لنگڑا کو بھیجتا ہے، جبکہ باقی رقم بین الاقوامی حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کے ذریعے باہر منتقل کی جاتی ہے یہ گینگ شہریوں کو فون کال، جعلی لنک، انعامی اسکیم، جعلی بینک کال سینٹر یا ایپ اپ ڈیٹ کے بہانے نشانہ بناتا ہے۔ جیسے ہی متاثرہ شخص لاگ اِن یا او ٹی پی (OTP) شیئر کرتا ہے، چند سیکنڈز میں اس کا اکاؤنٹ خالی کر دیا جاتا ہے۔ متاثرین میں اکثریت وہ شہری ہیں جو دیہی علاقوں یا ٹیکنالوجی سے کم واقفیت رکھنے والے افراد ہوتے ہیں متعدد بار مقامی میڈیا اور شہریوں کی جانب سے اس گینگ کے خلاف ثبوت فراہم کرنے اور کارروائی کے مطالبے کے باوجود ایف آئی اے بہاولپور، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے تاحال کوئی مؤثر قدم اٹھانے میں ناکام رہے ہیں۔ اس خاموشی نے عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے اور شہری سوال اٹھا رہے ہیں کہ آخر کب تک یہ گینگ کھلے عام لوٹ مار کرتا رہے گا عوامی و سماجی حلقوں، وکلا برادری اور سول سوسائٹی نیٹ ورک نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی پنجاب، سی سی پی او سہیل ظفر چٹھہ اور ڈی پی او بہاولپور حسن اقبال سے فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ارسلان منظور اور خالد اوڈھ کو گرفتار کر کے ان سے پورے نیٹ ورک کے روابط، غیر قانونی دولت اور بین الاقوامی روابط کے بارے میں تحقیقات کی جائیں تاکہ سینکڑوں متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے۔
