بہاولپور (کرائم سیل،تحصیل رپورٹر) بچی سے درندگی کرنے والا سفاک ملزم پولیس مقابلے میں جہنم واصل ۔تھانہ بغداد الجدید پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 11 سالہ معصوم بچی کے ساتھ درندگی کرنے والے سفاک ملزم کو انجام تک پہنچا دیا۔تفصیلات کے مطابق مقدمہ نمبر 1688/25 بجرم 376 کا مرکزی ملزم علی حمزہ جس نے مدرسہ سے قرآن پاک پڑھ کر واپس آنے والی معصوم بچی( ط)کو درندگی کا نشانہ بنایا تھا، دورانِ جسمانی ریمانڈ لاہور سے ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد واپسی پر پولیس کی حراست سے فرار ہوگیا تھا۔گزشتہ رات پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ درندہ صفت ملزم ایک ڈیرہ پر موجود ہے۔ ایس ایچ او انسپکٹر محسن سردار اور ان کی خصوصی ٹیم سب انسپکٹر محمد رمضان اور حوالدار امانت جتالہ نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ریڈ کیا۔ تاہم وہاں موجود 3 سے 4 نامعلوم ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔جوابی کارروائی کے دوران مفرور ملزم علی حمزہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو طلب کیا مگر تمام تر کوششوں کے باوجود وہ زخموں کی تاب نہ لا سکا اور جہنم واصل ہوگیا۔فائرنگ کرنے والے نامعلوم ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کا کریک ڈاؤن اور سرچ آپریشن جاری ہے۔اہل علاقہ اور ورثاء نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن اقبال، ایس ایچ او تھانہ بغداد الجدید محسن سردار اور سب انسپکٹر محمد رمضان کو شاندار کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور پولیس کو سلام پیش کیا کہ انہوں نے ایک معصوم بچی کے درندہ صفت مجرم کو کیفرِ کردار تک پہنچا دیا۔
