تازہ ترین

بہاولپور: انتظامیہ کی غفلت، غیر قانونی کچی کالونی کا انکشاف، ریونیو کا نقصان

بہاولپور(سپیشل رپورٹر ) بہاولپور میں غیر قانونی کچی کالونی کا انکشاف، حکام سے فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ بہاولپور کے نواحی علاقے موضع حمایتی میں مبینہ طور پر غیر قانونی کچی کالونی قائم کرنے اور پلاٹس کی فروخت کا ایک سنگین معاملہ سامنے آیا ہے، جس نے میونسپل قوانین اور لینڈ ڈیولپمنٹ ریگولیشنز کی خلاف ورزیوں پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔تفصیل کے مطابق دیوان والی پل کے قریب حمزہ ٹاؤن سے ملحقہ علاقے میں تقریباً 5 کنال 19 مرلہ وراثتی اراضی پر خفیہ طور پر کچی کٹنگ کر کے پلاٹس فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے الزام ہے کہ بااثر شخص حسیب نامی فرد مبینہ طور پر متعلقہ سرکاری قواعد و ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہے، جس سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کے ریونیو نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ذرائع کے مطابق مذکورہ زمین کے لیے نہ تو میونسپل کارپوریشن سے باقاعدہ نقشہ منظور کروایا گیا اور نہ ہی ڈویلپمنٹ چارجز یا سرکاری فیس جمع کروائی گئی اس کے باوجود خریداروں کو مکمل شہری سہولیات کی فراہمی کے دعووں کے ساتھ پلاٹس فروخت کیے جا رہے ہیں، جبکہ موقع پر بجلی، سیوریج، سڑکوں اور صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان پایا جاتا ہے شہری حلقوں کا مؤقف ہے کہ یہ عمل میونسپل بائی لاز، لینڈ ڈیولپمنٹ ریگولیشنز اور انکروچمنٹ قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے، جس سے نہ صرف خریداروں کو مالی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے بلکہ شہر کے منظم شہری ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچ سکتا ہے ریکارڈ کے مطابق ایک شہری نے 10 نومبر 2025 کو چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو تحریری درخواست جمع کروائی، جسے ڈائری نمبر 1892 جاری کیا گیا تاہم تین ماہ گزرنے کے باوجود کسی عملی کارروائی کا نہ ہونا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکا ہے مزید برآں، بعض میونسپل اہلکاروں پر مبینہ سرپرستی کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں شہریوں نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، باقاعدہ انکوائری شروع کی جائے، غیر قانونی فروخت اور تعمیرات کو روکا جائے اور عوام کو ممکنہ مالی نقصان سے بچانے کے لیے آگاہی جاری کی جائے شہر میں بڑھتی غیر قانونی ہاؤسنگ سرگرمیوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر عوامی سطح پر تشویش میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں